متحدہ اپوزیشن نے ملکی دولت واپس لانے کیلئے وزیراعلیٰ کی اہلیہ تہمینہ درانی سے مدد مانگ لی،خط لکھ دیا گیا

پی ٹی آئی،(ق) لیگ ، پی پی اور جماعت اسلامی کی طرف سے لکھے گئے خط میں تہمینہ درانی کو حق اور سچ کی آواز بلند کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا

جمعرات 7 اپریل 2016 20:57

متحدہ اپوزیشن نے ملکی دولت واپس لانے کیلئے وزیراعلیٰ کی اہلیہ تہمینہ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے ملکی دولت واپس لانے کیلئے وزیراعلیٰ کی اہلیہ تہمینہ درانی سے مدد مانگ لی۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی سربراہی میں بننے والی متحدہ اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کی اہلیہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں تہمینہ درانی کو حق اور سچ کی آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید، مسلم لیگ (ق) کے سردار وقاص حسن موکل، پیپلز پارٹی کے سردار شہاب الدین، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر وسیم اختر اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں تہمینہ درانی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پاناما لیکس کے انکشافات کے بعد غریب عوام اور ملکی دولت واپس لانے کی اس جدوجہد میں اپوزیشن کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمودالرشید نے کہا کہ یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں کہ وزیراعظم بھولی بھالی صورت بناکر قوم کو کمیشن کے چکر میں ڈال کر اپنی جان بچا لیں، ہم اس کمیشن کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور کسی غیر ملکی کمپنی سے آڈٹ کرا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائی اور چیف جسٹس حقائق سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ قوم باشعور ہو چکی ہے اس بار نا اہل اور بد دیانت حکمرانوں کے بہکاوے میں نہیں آئی گی اب فیصلہ2018نہیں2016میں ہی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :