محمد حفیظ کو انجری نہ بتانے کے الزام سے ”کلین چٹ “مل گئی

حفیظ نے انہیں اپنی انجری سے متعلق آگا ہ کر رکھا تھا، ڈاکٹر کا پی سی بی کو بیان

جمعرات 7 اپریل 2016 20:47

محمد حفیظ کو انجری نہ بتانے کے الزام سے ”کلین چٹ “مل گئی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) محمد حفیظ کو انجری نہ بتانے کے الزام سے ”کلین چٹ “مل گئی ، پی سی بی ڈاکٹر نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا ہے کہ حفیظ نے انہیں اپنی انجری سے متعلق آگا ہ کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ انجری کے سبب ورلڈ ٹی ٹونٹی کے آخری دو میچ نہیں کھیل سکے تھے جس پر کئی حلقوں نے ان پر الزام لگایا کہ انہوں نے بھارت کیخلاف میچ میں 7ویں نمبر پر بلے بازی کے لیے بھیجے جانے پر جعلی انجری کا بہانہ بنایا جبکہ بعد میں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کو اپنی انجری سے متعلق آگاہ نہیں کیا ہوا تھا اور بھارت چلے گئے تاہم اب حفیظ کو ان الزامات سے کلین چٹ مل گئی ہے۔

پی سی بی کے مستعفی ہونیوالے ڈاکٹر سہیل سلیم نے تحقیقاتی کمیٹی کو بتایا کہ حفیظ ایشیا ء کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی کے ہر میچ کے بعد ٹانگ میں درد کی شکایت کرتے تھے جس کا علاج ہورہا تھا تاہم معاملہ اتنا سنگین نہیں لگ رہا تھا کہ انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا جائے ،تکلیف زیادہ بڑھنے پر ایم آر آئی کروانے کا فیصلہ ہوا جس سے انجری کی شدت کا اندازہ ہوااور انہیں آرام کروایا گیا۔ڈاکٹر سہیل نے واضح کیا کہ حفیظ نے اپنی انجری کبھی نہیں چھپائی تھی۔ ۔