شاہ محمود قریشی اور خورشید شاہ کی ملاقات ٗ حکومت ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

جمعرات 7 اپریل 2016 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی جس میں اسمبلی میں پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 3 آپشنز پر غور کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملہ پر قومی اسمبلی میں بات کی جائے جس کے بعد پی ٹی آئی نے پی پی سے رابطہ کرکے معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی بات کی تھی جس کے بعد جمعرات کوشاہ محمود قریشی اور خورشید شاہ نے ملاقات کی اور پاناما لیکس کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں پاناما لیکس کے معاملہ پر بھرپور طریقہ سے احتجاج کریں گے۔ پاناما لیکس پر تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور حکومت کو ٹف ٹائم دیں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ سب سے پہلے قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا جس کے بعد سپریم کورٹ دوسرے اور تیسرے آپشن کے طور پر عوام کی عدالت موجود ہے۔