حکومت کی طرف سے اختیار کردہ ترقیاتی ایجنڈا پاکستان کی معیشت میں حاصل ہونیوالے ثمرات کو مزید تقویت دیگا ،آئی ایم ایف

حکومت اقتصادی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، بلند شرح نمو کے حصول ، مالی ،جاریہ اکاؤنٹ خسارہ جات پر قابو پانے، مالیاتی استحکام کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ،محمد نواز شریف پاکستان کے مثبت اقتصادی تشخص پر بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کا اعتماد طویل مدتی اقتصادی استحکام کیلئے کامیاب پیش قدمی کا واضح ثبوت ہے،وزیراعظم سے آئی ایم ایف وفد سے گفتگو

جمعرات 7 اپریل 2016 19:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) آئی ایم ایف نے پاکستانی حکومت کی طرف سے اقتصادی بحالی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے اختیار کردہ ترقیاتی ایجنڈا پاکستان کی معیشت میں حاصل ہونیوالے ثمرات کو مزید تقویت دیگا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ حکومت اپنی اقتصادی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، بلند شرح نمو کے حصول ، مالی اور جاریہ اکاؤنٹ خسارہ جات پر قابو پانے، مالیاتی استحکام کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ٗ پاکستان کے مثبت اقتصادی تشخص پر بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کا اعتماد طویل مدتی اقتصادی استحکام کے لئے کامیاب پیش قدمی کا واضح ثبوت ہے۔

جمعرات کو وزیر اعظم نواز شریف سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ہیڈ کوارٹرز میں مشرق وسطی اور وسطی ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی آئی ایم ایف کے وفد میں آئی ایم ایف پروگرام کے سربراہ ہیرائلڈ فنگر اور مقیم نمائندہ توخرمرزیوف شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار و گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اشتراک کار سے مقررہ کارکردگی معیار اور اہداف کے کامیابی کے حصول کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ٗ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بہتر وسط مدتی شرح نمو، پائیدار مالیاتی اور بیرونی ساکھ کے پیش نظر مضبوط اقتصادی ترقی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد تجارتی نظام اور بہتر کاروباری ماحول کے باعث ملک میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار راغب ہوئے وزیراعظم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ فنڈ پروگرام کے تحت توجہ کے بنیادی شعبہ جات میں قابل ذکر بہتری آئی ہے ٗ ٹیکس انتظامیہ کے ذریعے ٹیکس محصولات میں اضافہ، 20ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، بجلی کے نرخوں کو معقول بنانے اور گیس کے شعبہ میں اصلاحات سمیت توانائی کے مسائل کے حل نے ملک میں اقتصادی استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مثبت اقتصادی تشخص پر بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں کا اعتماد طویل مدتی اقتصادی استحکام کے لئے کامیاب پیش قدمی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ان تمام کاوشوں کے پس پردہ حتمی مقصد اپنے شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت اپنے ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جس کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہوئے غربت میں کمی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر مسعود احمد نے موجودہ حکومت کی طرف سے اقتصادی بحالی کے حصول کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے اختیار کردہ ترقیاتی ایجنڈا پاکستان کی معیشت میں حاصل ہونے والے ثمرات کو مزید تقویت دیگا۔