ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ہر قسم کے چیلنجوں سے نمٹ سکتے ہیں ، پرویز خٹک

جمعرات 7 اپریل 2016 19:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے سائنسی تحقیق کے فروغ پر زور دیتے ہوئے مقامی ضرورتوں سے ہم آہنگ تحقیق کی ترویج کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے۔وہ جمعرات کے روز غلام اسحاق خان انسٹیٹوٹ آف انجینئرنگ میں اوپن ہاؤس اینڈ کیئریرفیئر 2016 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، وزیراعلیٰ کے مشیر عبد الحق، معاون خصوصی عبد المنعم ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی ،انسٹیٹوٹ کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین انجینئر شمس الملک، ریکٹر جہانگیربشر ،ملکی اور بین الاقوامی صنعتی مراکز اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ معلمین اور طلباء نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سال آخر کے طلباء کے مکمل کئے گئے پراجیکٹس کی نمائش کی گئی وزیراعلیٰ نے طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمائش میں رکھے گئے پراجیکٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں اور انکی اعلیٰ تربیت کے عکاس ہیں انہوں نے کہاکہ طلباء کے پراجیکٹس میں تکنیکی اور پیشہ وارانہ مہارتوں کا امتزاج موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ نمائش طلباء کی صلاحیتوں کے علاوہ ملک کے روشن اور محفوظ مستقبل کی نوید ہے ۔

وزیراعلیٰ نے ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں شامل ہو نے کیلئے معیار ی تحقیق کے فروغ کو ناگزیر قرار دیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور ہر قسم کے چیلنجوں سے نمٹ سکتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے صوبے میں تعلیم اور خصوصاً ٹیکنکل تعلیم کے فروغ کیلئے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام رائج کیا گیا ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت تعلیمی اداروں میں موجود کمی کو پورا کرکے اسے نجی تعلیمی اداروں کے معیار پر لانے کیلئے کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکنکل تعلیم کو منظم کرنے کیلئے ٹیوٹا بنایا گیا ہے جبکہ صوبے میں ایئر اور ٹیکنکل یونیورسٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی تاکہ صوبے میں ہنر مند افراد پروان چڑھائے جاسکے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں صنعتکاروں کو پرکشش مراعات دی جارہی ہیں تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے انہوں نے مزید کہاکہ حکومت صوبے میں تعلیم سمیت تمام اداروں کو با اختیار بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ آٹھ ارب روپے ہائیر سیکنڈری سکولوں کی بہتری کیلئے خرچ کئے جارہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے غلام اسحاق خان انسٹیٹوٹ کیلئے ایک ارب روپے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ چیئرمین بورڈ آف گورنر غلام اسحق خان انسٹیٹوٹ انجینئر شمس الملک اور ریکٹر جہانگیر بشر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اورسائنسی تحقیق کے فروغ میں ادارے کے کردار پر روشنی ڈالی انہوں نے اس موقع پر طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صلاحیتیں معاشر ے کی فلاح کیلئے بروئے کار لائیں۔

متعلقہ عنوان :