کرکٹ میں بہتری چاہتے ہیں تو آفریدی ، اکمل اور شہزاد کو ٹیم سے باہر رکھا جائے ، قومی ٹیم کی سابق مینجمنٹ نے پی سی بی کو مشورہ دیدیا

تینوں کی خراب اپروچ کی وجہ سے بدترین مقام تک پہنچ گئی، ان کھلاڑیوں کی موجودگی میں بورڈ ایک مضبوط ٹیم تشکیل نہیں دے پائے گا ، سابق مینجمنٹ

جمعرات 7 اپریل 2016 19:01

کرکٹ میں بہتری چاہتے ہیں تو آفریدی ، اکمل اور شہزاد کو ٹیم سے باہر رکھا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کی سابقہ مینجمنٹ کے چند اراکین نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو قومی ٹیم سے باہر رکھنے کی تجویز پیش کی ہے کیونکہ ان تینوں کی خراب اپروچ کی وجہ سے بدترین مقام تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی موجودگی میں بورڈ ایک مضبوط ٹیم تشکیل نہیں دے پائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے اور وہ ان خیالات کا نئے چیف سلیکتر سے تبادلہ خیال بھی کرے گا۔شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے تو استعفیٰ دے دیا ہے لیکن ابھی تک ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا اور وہ بحیثیت کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آفریدی کے اسپانسرز نے انہیں ٹی ٹوئنٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ انہوں نے آل راوٴنڈر پر بہت سرمایہ کاری کی ہوئی ہے حالانکہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مایوس کن کارکردگی کے سبب ان کی مقبولیت میں پہلے کی نسبت کمی واقع ہوئی ہے۔

سابقہ ٹیم مینجمنٹ کی تجویز سے قطع نظر، پی سی بی کوچ وقار یونس اور ٹیم منیجر انتخاب عالم کی رپورٹس پر بھی غوروخوض کر رہا ہے جہاں انہوں نے بھی ان تینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔عمر اکمل اور احمد شہزاد دونوں کو متعدد بار مختلف وجوہات کی بنا پر ٹیم سے ڈراپ کیا جاتا ہے لیکن شاہد آفریدی نے ہمیشہ ان کی اسکواڈ میں واپسی کی حمایت کی، موجود حالات میں ان تینوں خصوصاً آفریدی کو اسکواڈ سے باہر رکھنا پی سی بی کیلئے کسی امتحان سے کم نہ ہو گا۔ ۔