بجلی نادہند گان کے خلاف کیسکوکی کاروائی، متعدد کنکشنز منقطع

جمعرات 7 اپریل 2016 17:06

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء ) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرانجینئر رحمت اللہ بلوچ کی خصوصی ہدایت پر بجلی نادہندگان کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔جس کے تحت سپرنٹنڈنگ انجینئر لورالائی سرکل رسدخان کاکڑ کی سربراہی میں کیسکوٹیم نے لورالائی کے علاقے کلی ہوریاگئی میں غیرقانونی ٹرانسفارمراُتاردئیے جس کے نتیجے میں مشتعل صارفین نے کیسکولورالائی سب ڈویژن کے دفترمیں ہنگامہ آرائی کرکے توڑ پھوڑ کی اور قائم مقام ایس ڈی او قسمت خان موسیٰ خیل اوراس کے عملہ کو زخمی کردیا ۔

اس کے علاوہ دکی شہرمیں ایکسئن لورالائی ڈویژن غلام محمدکاکڑاورسپیشل مجسٹریٹ کیسکوواپڈاکی زیرنگرانی ٹیم نے دکی شہرمیں اچانک چھاپہ مارکر 17کمرشل صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتارکرکے اُنھیں تھانہ بھجوادیاجن کے خلاف مزیدکارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

قلعہ سیف اللہ ڈویژن کی ٹیم نے ایکسئن ولی کاکڑ کی نگرانی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 8نادہندہ زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرزاُتاردئیے ۔

اسی طرح سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکومکران سرکل انجینئر اقبال بڑیچ اور ایکسئن کیسکوتربت ڈویژن سیف اللہ بادینی کی ٹیم نے فنی عملہ کے ہمراہ تربت ، نا صر آباد ، دشت ، بلیدہ ، گوادر ، اور پسنی کے علاقوں میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کی ۔جس کے نتیجے میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر 11KV فیڈروں سے نا دہندگان کو بجلی کی سپلائی منقطع کر دی گئی اس دوران غیر قانونی طور پر لگائے گئے متعدد کنکشنز بھی منقطع کر کے ُانکے برقی تاریں اورآلات ضبط کر لی گئیں ۔

کیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے اپنے موجودہ بل بروقت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ واجبات فوری طورپراداکریں تا کہ انہیں بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے ۔ دریں اثناء کیسکوانجینئرزآفیسرایسوسی ایشن کے صدر احمدحسین لہڑی ، جنرل سیکریٹری نظام اچکزئی اورنائب صدر مجیب الرحمن مری نے لورالائی میں کیسکوعملہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک دفعہ پھر صوبائی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ صوبائی حکومت لورالائی میں کیسکوٹیم پر حملہ کرنے والے صارفین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ فیلڈمیں کام کرنے والے کیسکوکے تمام سٹاف کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ صارفین کو بجلی کی فراہمی میں اپناکردارجاری رکھ سکیں

متعلقہ عنوان :