آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس‘ افغانستان اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 اپریل 2016 15:12

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس‘ افغانستان ..

راولپنڈی (ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07اپریل۔2016ء) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جنرل راحیل شریف کی صدارت میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، خاص طور پر سرحدی علاقوں میں افغانستان اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حالات کیسے بھی ہوں ملک کی سالمیت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس میں پاکستان مخالف اداروں کی جانب سے کی جانے سے والی ملک دشمن سرگرمیوں کا قلع قمع کرنے اور ملک کے کونے کونے میں امن وامان کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اجلاس میں دہشتگردوں کے خلاف شوال اور پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دشمن ممالک کی پاکستان مخالف کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے جبکہ اجلاس میں پاکستان میں دوسرے ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی ملک مخالف سرگرمیوں کو ہر حال میں روکنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔