پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم کے اہل خانہ سے متعلق خبریں توڑ مروڑ کر پیش کی گئیں ‘ دانیال عزیز

جمعرات 7 اپریل 2016 14:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے وزیراعظم کے اہل خانہ سے متعلق خبریں توڑ مروڑ کر پیش کی گئیں ‘ پی ٹی آئی والے جھوٹے ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر منہ چھپا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں علیم خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوٴں کا الیکشن کمیشن میں رش ہوتا تھا ‘ پی ٹی آئی والے جھوٹے ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر منہ چھپا رہے ہیں اورعمران خان اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔

پانامہ لیکس کے حوالے سے دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہرادارے کو تباہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔دانیا ل عزیز نے کہاکہ وزیر اعظم کے اہل خانہ کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہیں ‘ عمران خان خود دھرنے میں لوگوں کو ٹیکس نہ دینے کی ترغیب دیتے رہے۔ شوکت خانم اسپتال کا پیسہ آف شور کمپنیز میں لگایا گیا اورشوکت خانم کے فنڈز غیر ملکی سرمایہ کاری میں ضائع کئے گئے۔