گلگت بلتستان میں اقتصادی سرگرمیوں سے غربت اور بے روزگاری میں کمی ہو گی،وزیر اعظم

جمعرات 7 اپریل 2016 13:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اقتصادی سرگرمیوں سے غربت اور بے روزگاری میں کمی ہو گی،گلگت بلتستان کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، گلگت بلتستان کی عوام نے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ مینڈیٹ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کا متقاضی ہے۔

وہ جمعرات کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبے کے ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور گلگت بلتستان میں عوامی فلاح و بہبود کی سکیموں میں پیش رفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

حافظ حفیظ الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کو ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے گلگت میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے احکامات پر بھی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ جی بی میں پھنسے سیاحوں کو C-130طیارے کے ذریعے نکالا گیا تھا۔ملاقات میں گلگت بلتستان کے کونسل انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان نے وزیراعظم سے کونسل انتخابات کیلئے مجوزہ امیدواروں کے ناموں پر بھی بات چیت کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانے کیلئے کام کریں، حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے،گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا مقصد اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے،جی بی میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اقتصادی سرگرمیوں سے غربت اور بے روزگاری میں کمی ہو گی، گلگت بلتستان کی عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، گلگت بلتستان کی عوام نے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ مینڈیٹ عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کا متقاضی ہے۔