محکمہ موسمیات کی جمعہ سے پیر تک بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

جمعرات 7 اپریل 2016 12:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 اپریل۔2016ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی بلوچستان ، فاٹا ، کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ سے پیر کے دوران ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ۔ جمعہ کی شام سے اتوار کے دوران کوئٹہ ، ڑوب ، قلات ، نصیر آباد ، سبی ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ سے پیر کے دوران فاٹا ، بالائی خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ ہفتہ سے اتوار کے دوران بالائی پنجاب ، اسلام آباد ، میں کہیں کہیں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی گئی ۔ اس دوران ڈیرہ غازی خان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، ملتان ، ساہیوال ، فیصل آباد اور لاہور ڈویڑن میں بھی چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اتوار اور پیر کے دوران بارشوں کے باعث مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔