گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے چیف سیکرٹری زاہد سعید کی ملاقات‘صوبہ کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال

بدھ 6 اپریل 2016 22:19

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء ) صوبے میں نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہد سعید نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں ترقیاتی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر پنجاب نے چیف سیکرٹری پنجاب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔اس ضمن میں تمام سرکاری مشینری کو نہ صرف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہیں بلکہ صوبے کے عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے واضح حکمت عملی سے کام کرناہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام اور بیورو کریسی کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے اِس توقع کا اظہار کیا کہ نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر حکومتی پالیسیوں کے تسلسل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔