وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات، توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

بدھ 6 اپریل 2016 22:16

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بدھ کو یہاں ترکی کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ۔ ترک سرمایہ کاروں نے صوبہ پنجاب میں توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے کوشاں ہے اور توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری پر ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترک سرمایہ کارو ں کی جانب سے سولر انرجی کا منصوبہ لگانے میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ ترک سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس ضمن میں جلد حتمی پلان مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی عارف سعید، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری توانائی، شاہد ریاض گوندل اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ترکی سیل کے سربراہ ہارون شوکت بھی اس موقع پر موجود تھے۔