لوڈشیڈنگ کاخاتمہ 2018ء تک ہوجائے گا اورعوام کو سستی بجلی میسر آئے گی،عابد شیر علی

بدھ 6 اپریل 2016 22:14

ملتان ۔06اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ان شاء اللہ 2018ء میں لوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوجائے گااورعوام کو سستی بجلی میسر آئے گی۔انہوں نے کہاکہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تھی تو اس وقت بجلی کی کل پیداوار14500میگا واٹ تھی ۔اگست2015ء تک یہ پیداوار16900میگاواٹ ہوچکی تھی ۔ان شاء اللہ اگست2016ء تک یہ پیداوار 18000میگا واٹ ہوجائے گی اورآئندہ دوسال میں مزید 8سے 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی اورلوڈشیڈنگ کاخاتمہ ہوجائے گا کیونکہ 2018ء تک پیداوار 26سے 28ہزار میگاواٹ ہوجائیگی۔

انہوں نے تفصیل سے بتاتے ہوئے کہاکہ دوکول پروجیکٹ ساہیوال اور پورٹ قاسم میں لگ رہے ہیں ۔ہرایک 600میگاواٹ پیداواردے گااوران کو 28ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گاجبکہ یہی پراجیکٹ پوری دنیا میں 40ماہ میں لگتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تین ونڈ پاور پراجیکٹ حویلی بہادر شاہ،مٹھی اور بلوکی میں بھی جون 2017ء تک پیداواردیں گے جو 2200میگاواٹ ہوگی۔

اس کے علاوہ 220میگاواٹ کے آرایل این جی پاور پروجیکٹ پیراں غائب،فیصل ا ٓباد،نواب شاہ،سکھر اور شیخوپورہ میں جلد پیداوار شروع کریں گے جو1000میگاواٹ تک ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ آرایل این جی سنگل سرکل جون2017ء تک جبکہ کمبائنڈسرکل جون2018ء تک مکمل ہوجائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ بڑی ٹرانسمیشن لائنوں پرکام نہیں کیاگیاتھا۔اب ان پرکام ہورہاہے۔

بڑی ٹرانسمیشن لائن مٹیاری تا لاہور ڈیڑھ سال میں مکمل ہوجائے گی جبکہ اس کادوسرا فیز پورٹ قاسم تا فیصل آباد بھی مکمل کیا جائیگا۔داسو پاور پراجیکٹ لائنوں کا 80فیصد کام مکمل ہوچکاہے۔مزید20فیصد بھی جلد مکمل کرلیا جائیگا۔یہ ہائیڈل پراجیکٹ گیم چینجر پراجیکٹ ہے۔اس سے 4200میگاواٹ بجلی پیداہوگی جوسستی بجلی ہوگی۔لوڈشیڈنگ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ماہ رمضان میں 80تا85فیصد معاملات پر کنٹرول کرلیاجائیگا۔

اس وقت انڈسٹری میں زیرولوڈشیڈنگ ہے جبکہ پاورلومز پر چارگھنٹے،شہری علاقوں میں چھ گھنٹے اور دیہاتوں میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔میپکو کے بارے میں انہوں نے کہاکہ میپکو بلنگ میں 94فیصد کام مکمل ہوچکاہے اگلے ماہ سے بلوں میں میٹر کی تصویر بھی آئے گی۔میپکوریجن میں ریکوری بہتر ہوئی ہے اورلائن لاسز میں بھی کمی آئی ہے۔میپکو ترسیلی نظام فرسودہ ہے اس کوبہتر کیاجارہاہے۔

میپکو کے پا نچ گرڈاسٹیشن اپ گریڈ کردیئے گئے ہیں جن پر165کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔مزید6گرڈاسٹیشنکوبھی 66کے وی سے 132کے وی کیے جارہے ہیں جن کا کام جون2016ء تک مکمل ہوجائے گا۔اس سے سسٹم میں موجود خرابیوں پر قابو پایا جاسکے گا۔پانامہ لیکس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے خودکواحتساب کیلئے عوام کے سامنے پیش کردیا ہے۔

عدالتی کمیشن میں خودکو جوابدہ بنایاہے جس کو کوئی بھی مسئلہ ہے وہ عدالتی کمیشن چلاجائے اور ثبوت کے ساتھ جائے۔ہم گراگرکوئی الزام ثابت ہوگاتو جوعدالتی کمیشن فیصلہ کرے گا ہم قبول کریں گے۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لوگ ہم پر اعتماد کرتے ہیں ۔ضمنی انتخابات میں ہر جگہ ن لیگ جیت رہی ہے۔راکے جاسوس پکڑے جانے کے بارے میں سوال پرانہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سلسلے میں پوری تندہی سے کام کررہے ہیں کام جب مکمل ہوگا تو سب کے سامنے آجائے گا۔عابد شیر علی نے کہاکہ عمران خان بنی گالا میں ڈی چوک بنالیں ۔عوام نے عمران خان کی جھوٹ کی سیاست کورد کردیا ہے۔ہم تعمیراتی کام کررہے ہیں تخریبی کام کرنے والے اپنے دماغوں کاعلاج کرائیں۔