ڈینگی کے مرض سے بچنے کیلئے اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے،اعجازاحمد

بدھ 6 اپریل 2016 22:11

مظفرگڑھ ۔06اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) ڈینگی کے مرض سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے اور اس بات کی دوسرے افراد کو بھی ترغیب دی جائے ،یہ بات اے ڈی سی مظفرگڑھ اعجاز احمد نے یوم انسدادڈینگی کے موقع پر ڈینگی کے خلاف اور اس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے ایک واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ نہ صرف اپنے گھروں کو صاف رکھا جائے بلکہ اپنے گلی محلوں اور ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف رکھا جائے ، گھروں میں اور گھروں کے قریب کھڑے پانی کو فوری طور پر خشک کیا جائے ،مکمل آستین کے کپڑوں کا استعمال کیا جائے ، سکول جانے والے بچوں کی مکمل نگہداشت کی جائے ، سکولوں میں اسمبلی کے دوران طلبہ و طالبات کو اپنی اور اپنے ارد گرد کے ماحول کی صفائی ،بیماریوں سے بچاؤ بالخصوص ڈینگی جیسے مرض سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی سمیت دیگر موذی امراض سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اب یہ ہمارا بھی فرض ہے کہ حکومت کا ساتھ دیں، انہوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ٹی ایم اے اور دیہی علاقوں میں محکمہ صحت مچھروں کی افزائش کی روک تھام کیلئے کوشاں ہے ،ڈی اوسی نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفاتر میں صفائی کو یقینی بنائیں اور آج کے دن کے مناسبت سے دفاتر میں کی صفائی کریں، واک میں ای ڈی او صحت ڈاکٹر اطہر اقبال ، ڈی او صحت مشتاق رسول، سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران،سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی، بعد ازاں ضلع کے سرکاری دفاتر میں یوم انسداد ڈینگی منایا گیا، دفاتر کے کمروں اور چھتوں کی صفائی کی گئی کھڑے پانی کو خشک کیاگا، پانی کی ٹینکیوں کو خشک کیا گیا، جبکہ سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں اساتذہ نے طلبہ کے ہمراہ کلاسوں رومز، کھیل کے میدان، پودوں ، کیاریوں کی صفائی کی اور اسمبلی کے دوران طلبہ کو ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر لیکچر دئیے گئے۔

متعلقہ عنوان :