وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کیلئے حکمت عملی اختیار کرنے اور پارٹی امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لیا گیا مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے میرٹ پر آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عزم دہرایا تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے آگے آئیں اورعوامی فلاحی منصوبوں کے ساتھ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں

بدھ 6 اپریل 2016 22:11

مظفر آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت بدھ کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے لئے حکمت عملی اختیار کرنے اور پارٹی امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔ 17 رکنی پارلیمانی بورڈ آزاد جموں وکشمیر کے سینئر پارٹی رہنما اور پارٹی کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل ہے۔

سیکریٹری کوآرڈینیشن ڈاکٹر آصف کرمانی، راجہ ظفر الحق، راجہ فاروق حیدر، شاہ غلام قادر، چوہدری طارق فاروق، ڈاکٹر مجید خان نقی، چوہدری محمد عزیز اور سردار عبدالخالق وصی بورڈ کے ممبران میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین ہیں، کی زیر صدارت اجلاس میں خواجہ محمد آصف، چوہدری برجیس طاہر، پرویز رشید، سردار مہتاب انور خان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے میرٹ پر آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا تہیہ کر رکھا ہے تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے آگے آئیں اور آزاد جموں وکشمیر کو عوامی فلاحی منصوبوں کے ساتھ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 41 نشستوں پر انتخابات براہ راست ہوں گے جبکہ 12 نشستیں مہاجرین کے لئے، 5 خواتین کے لئے اور 3 علماء اور ٹیکنو کریٹس کے لئے مختص ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے بعد جب مظفر آباد سے روانہ ہوئے تو شاہراہ کے اطراف لوگوں کی بڑی تعداد اپنے محبوب قائد کی جھلک دیکھنے کے لئے جمع تھی۔ عوام نے وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے ہاتھ بلند کئے اور مسلم لیگ (ن) کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ترقی کے نئے سفر کے آغاز کے ذریعے آزاد جموں و کشمیر کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کا عزم کر رکھا ہے۔

کشمیری عوام وزیراعظم محمد نواز شریف سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں جنہوں نے دنیا کے مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ اور ٹھوس موقف اختیار کیا ہے۔ کشمیریوں نے علاقہ کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مسلم لیگ (ن) کے وژن کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں مظفر آباد پہنچنے پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر، آزاد جموں و کشمیر میں اپوزیشن رہنما راجہ فاروق حیدر، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر طارق فاروق، سابق سپیکر شاہ غلام قادر اور دیگر رہنماؤں نے کیا۔