معاشرتی استحکام میں خواتین کا اہم کردار ہے ،حقوق نسواں کے تحفظ کو یقینی بناکر ہم ترقی یافتہ عوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 6 اپریل 2016 22:02

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا نے کہا ہے کہ معاشرتی استحکام میں خواتین کا اہم کردار ہے حقوق نسواں کے تحفظ کو یقینی بناکر ہم ترقی یافتہ عوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوایس ایڈ کی جانب سے صنفی امتیاز اور حقوق نسواں کے تحفظ سے متعلق منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبدالمالک ‘ عورت فاؤنڈیشن کی صائمہ جاوید ‘ یو ایس ایڈ کے مجیب الرحمان اور بلوچستان کی وکلاء برادری نے شرکت کی رکن صوبائی اسمبلی لیاقت آغا نے صنفی امتیاز کے خاتمے اور حقوق نسواں کے خاتمہ کیلئے عورت فاؤنڈیشن اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے شروع کئے جانے والے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ خواتین معاشرتی استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اورانہیں ان کے حقوق کا تحفظ فراہم کرکے ہم بلاشبہ ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ایک قوم پرست جماعت ہونے کیساتھ ساتھ ایک لبرل پارٹی بھی ہے جس نے ہمیشہ سے خواتین کو معاشرے میں ان کا اصل مقام دلانے کی کوشش کی ہے اور یہ وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے بانی خان عبدالصمد خان اچکزئی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پشتون علاقے سے ایک خاتون کو انتخابات کیلئے منتخب کیا ڈھائی سالہ اقتدار میں آکر ہماری حکومت نے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات اٹھائے شاید ہی کسی نے اٹھائے ہوں دیہی علاقوں میں لڑکیوں کیلئے ہائی سکولز کا قیام اور رواں سال سکول میں ایک لاکھ 20 ہزار طلباء کی حاجی ہماری خدمات کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ہم نے بجٹ کا 24 فیصد تعلیم کیلئے مختص کیا جس کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ معاشرہ دن بدن ترقی کی جانب گامزن ہے میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی نے ہمارے بچوں میں اس قدر دلیری اور خود اعتمادی پیدا کر دی ہے وہ اب کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی اہلیت رکھتے ہیں زن و مرد گاڑی کے دو پہیوں کی حیثیت رکھتے ہیں دور حاضر میں فرد واحد کا پورے گھرانے کو مالی لحاظ سے تعاون کرنا مشکل ہے جس کیلئے دونوں کو ملکر کام کرنا ہوگا تب ہی مسائل حل ہونگے ۔