اسلام پورہ میں واقع ایک دکان میں تین ملازمین کو بیدردی کیساتھ قتل جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا گیا

پولیس نے لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں،تینوں کو چھریوں اور سیخوں کے وار کر کے قتل کیا گیا زخمی کے بیان کے مطابق کمرے میں موجود چار ساتھیوں کا ایک کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا ، گرفتاری کیلئے ٹیمیں روانہ کردی ہیں‘ڈی آئی جی آپریشنز

بدھ 6 اپریل 2016 21:54

اسلام پورہ میں واقع ایک دکان میں تین ملازمین کو بیدردی کیساتھ قتل جبکہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) اسلام پورہ کے علاقے میں واقع ایک دکان میں تین ملازمین کو بیدردی کیساتھ قتل جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا گیا ،پولیس نے لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسلامپورہ میں نوری بلڈنگ کے قریب واقع الرحیم تکے اور مرغ چنے پرکام کرنے والے پانچ ملازم ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اندر ہی سو جاتے تھے ۔

گزشتہ روز ایک ملازم معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر آیا اور شٹر پر دستک دیتا رہا لیکن کسی نے شٹر نہ اٹھایا جس پر اس نے مالک کو اطلاع دی ۔ شٹر باہر سے بھی بند ہونے کی وجہ سے اسے کاٹا گیا تو اندر تین ملازمین مردہ حالت جبکہ ایک شدید زخمی حالت میں پایا گیا ۔ تینوں افراد کو چھریوں اور سیخوں کے وار کرکے بیدردی سے قتل کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122اور پولیس کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے سب سے پہلے شدید زخمی حالت میں موجود ملازم مردان کے رہائشی زین العابدین کو میو ہسپتال منتقل کیا جبکہ فرانزک ماہرین کو طلب کر کے دکان کے اندر سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے میو ہسپتال منتقل کیاگیا۔

دوکان کے مالک رحیم کا کہنا ہے کہ کام ختم کرنے کے بعد وہ دوکان بند کرکے گھر چلا گیا تھااور اس کے ملازمین معمول کے مطابق دکان کے اندر سو رہے تھے ۔رحیم نے بتایا کہ پانچ ملازم اندر ہی سو جاتے تھے لیکن دوکان پر کام کرنے والوں میں سے ایک ملازم نوید موجود نہیں جو کہ بے رحمانہ قتل کی اس گھناؤنی واردات میں ملوث ہوسکتا ہے ۔ بیدردی سے قتل کئے جانے والے ملازمین کی شناخت 25سالہ نعیم ،35سالہ شہر یار اور 28سالہ عمر کے نام سے ہوئی ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ زخمی کے ابتدائی بیانات لئے گئے ہیں جس کے مطابق پانچوں ملازمین اندر موجود تھے اور چار کا ایک سے جھگڑا ہو گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ فرانزک ماہرین نے تمام شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ غائب ہونے والے ملازم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :