آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا ، وزیراعلیٰ سندھ

رینجرز اور سندھ پولیس کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ شہر میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے اور اب ہم دیرپاامن امان کیلئے کوشاں ہے، سید قائم علی شاہ

بدھ 6 اپریل 2016 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا اور یہ رینجرز اور سندھ پولیس کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ شہر میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے اور اب ہم دیرپاامن امان کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈائریکٹر جنرل رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبرنے وزیراعلیٰ سندھ کو دہشتگردوں کے خلاف ٹارگیٹیڈآپریشن ، لیاری آپریشن اور شہر میں امن امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں امن امان کی بحالی کے حوالے سے رینجرز کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اب اس امن امان کی فضا کو برقرار رکھنا ہی اصل چئلینج ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حساس اداروں کی مدد سے شہرکے ملحقہ علاقوں سے دہشتگردوں کے خاتمے کے حوالے سے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو کل (7اپریل)کوکراچی کے NA245اور PS115کے ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقعے پر امن امان کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔