لاہور ہائیکورٹ نے پانامہ لیکس کے خلاف درخواست پر ہائیکورٹ کا اعتراض ختم کر دیا ‘سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت

بدھ 6 اپریل 2016 21:19

لاہور۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے پانامہ لیکس میں پاکستانی سیاستدانوں کے اثاثے چھپانے کے اقدام کے خلاف درخواست پر ہائیکورٹ آفس کااعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کیلئے بنچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما گوہر نواز سندھو کی درخواست پر ہائیکورٹ آفس کے اعتراض پر سماعت کی، ہائیکورٹ آفس نے درخواست میں وزیر اعظم کا نام فریقین کی فہرست میں شامل کرنے پر اعتراض لگایا تھا تاہم جسٹس شاہد وحید نے اعتراض ختم کردیا، درخواست میں وفاقی حکومت‘ الیکشن کمیشن اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں دعوی کیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس سے ثابت ہوگیا کہ سیاستدانوں نے ملکی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک اثاثے قائم کئے،گوہر نواز سندھو نے درخواست میں استدعا کی کہ ویانا دستاویز میں شامل سیاستدانوں و شخصیات کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔