حکومت پنجاب نے تعلیمی اخراجات بجٹ کا 27فیصد کر دئیے ہیں، رانا مشہود احمد خان

معیار تعلیم کی بہتری کیلئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، صوبائی وزیر

بدھ 6 اپریل 2016 21:18

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے 2008کے مقابلے میں تعلیمی اخراجات کل بجٹ کا 16فیصد سالانہ سے بڑھا کر 27فیصد کر دیے، معیار تعلیم کی بہتری کیلئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ والدین کا پبلک سیکٹر تعلیمی اداروں اور حکومت کے اقدامات پر اعتماد کا مظہر ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج فار ایلیمنٹری ٹیچرز گجرات میں برٹش کونسل کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ ، ڈی سی او آفس میں ایجوکیشن افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے حاجی عمران ظفرنے بھی اظہار خیال کیا ، ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق، ڈی ایم او احمد رضا، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، برٹش کونسل کی رخسانہ عاصم، محمد عمر اور بڑی تعداد میں مختلف سکولوں کے اساتذہ کرام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ میونسپل ماڈل گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ مشن ہائی سکول اور ایک نجی تعلیمی اداے کا دورہ بھی کیا اور کلاس رومز ، کمپوٹر لیب، سائنس لیب ، لائبرئری، واش رومز کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبے کے سرکاری سکولوں میں سوا کروڑ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں انکی تعلیمی ضروریات کو دیکھتے ہوئے آئندہ سال مزید 11ہزار اضافی کلاس روم تعمیر کئے جائیں گے اس کے ساتھ پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن سے ملکر 3ہزار نئے سکول بنائے جارہے ہیں جبکہ آئندہ سالوں میں نئے کالجز اور یونیورسٹیاں بھی بنائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین تعلیم کی زیر نگرانی سلیبس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے ، نئی کتب کی چھپائی جارہی ہے اور اپریل میں انکی سو فیصد ترسیل مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی قوم کی ترقی کی منازل تک پہنچا سکتے ہیں، انکی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت میں بعض خامیاں ہیں جنہیں دو ر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی مقصد کے لئے برٹش کونسل کیساتھ مشترکہ کلاس روم کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستانی طلبہ دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں جاری تدریسی عمل میں شریک ہو سکیں گے جبکہ اگلے ماہ اس پروگرام کا باقاعد ہ افتتاح وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف خود کریں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب ایگزامینشن کمشن کے سسٹم کو فول پروف بنانے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اسی طرح ناقص کارکردگی کے حامل اساتذہ کے خلاف بھی ایکشن لیا جارہا ہے اور صوبہ بھر میں ایسے 19ہزار ٹیچرز کو ملازمت سے فارغ کیا جا چکاہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مانیٹرنگ فورس کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بھی اپنے فرائض دیانتداری سے سرانجام دیں جبکہ حکومت پنجاب مانیٹرنگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام اضلاع کیلئے 36ٹیمیں بنا رہی ہے جو اچانک چیکنگ کرکے رپورٹ دینگے۔

اس سے قبل ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری تعلیمی اداروں کو بھر پور وسائل فراہم کررہی ہے اب ان اداروں کے سربراہان اور اساتذہ کو اپنی کارکردگی ثابت کرنا ہوگی۔ا نہوں نے کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ نرسری کلاس میں داخلوں کے اہداف پورے کرنے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق فروغ اساتذہ کو جدید طریقہ ہائے تدریس سے روشناس کرنے کیلئے انکی تربیت کیلئے بھرپور اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں مشترکہ کلاس روم کا نظام بھی اسی وژن کا عکاس ہے۔

ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے اربو ں روپے خرچ کر رہی ہے، عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی، میرٹ پر اساتذہ کرام کی بھرتی اور دیگر اقدامات اسکا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور حکومتی توقعات پر پورا اتریں۔