پرویز مشرف کا بیرون ملک کوئی آف شور اکاؤنٹ ہے،نہ انکے پاس بے نام اثاثے ہیں،ڈاکٹر محمد امجد

بدھ 6 اپریل 2016 21:15

پرویز مشرف کا بیرون ملک کوئی آف شور اکاؤنٹ ہے،نہ انکے پاس بے نام اثاثے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف کا بیرون ملک کوئی آف شور اکاؤنٹ ہے،نہ ان کے پاس بے نام اثاثے ہیں اور نہ ہی انہوں نے کرپشن کی۔ زندگی گزارنے کے لئے ہر انسان کو سرمایہ کاری کرنا پڑتی ہے، پرویز مشرف کی سرمایہ کاری پر تنقید بے جا ہے۔

۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ساری زندگی بغیر کسی لالچ کے قوم کی خدمت کی ہے۔انہوں نے ناجائز طریقے سے دولت کمائی اور نہ ہی اپنے رشتہ داروں کوسرکاری خزانے سے نواز کر اقربا پروری کی۔ اگر پرویز مشرف نے ناجائز طور پر دولت کمائی ہوتی تو مخالفین نے ان پر جہاں ہر قسم کے مقدمات کھولے ہیں،ان پر کرپشن کا مقدمہ بھی کھلا ہوتا مگر مخالفین آٹھ سال کی تلاش کے باجود ان کے خلاف کسی قسم کی کرپشن کا الزم نہیں لگا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنرل(ر)پرویز مشرف پر بے جا تنقید کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف وہ شخص ہے جس نے چیف آف آرمی سٹاف اور صدر پاکستان ہونے کے دوران ملک و ملت کی بے پناہ خدمت کی ہے۔ ان کی لائی گئی اصلاحات سے قوم کا وقار بڑھا تھا اور عوام خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوئے تھے۔ایسے شخص کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر نا فسوسناک عمل ہے ۔۔۔ظفر ملک

متعلقہ عنوان :