کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لئے ٹینڈرز اسی ماہ کی 21 اور 29 تاریخوں کو کھول دئیے جائیں گے،وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو

بدھ 6 اپریل 2016 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 اپریل۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے 100 اور 65 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لئے ٹینڈرز اسی ماہ کی 21 اور 29 تاریخوں کو کھول دئیے جائیں گے، جبکہ گریٹر منصوبے کے فور کا کام بھی ایف ڈبلیو او کے سپرد کردیا جائے گا جو دو سال میں اس منصوبے کو مکمل کرے گا، جس سے 260 ایم جی ڈی پانی روزانہ کراچی کو مہیا ہوجائے گا۔

200 ملین روپے کی وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خصوصی گرانٹ سے دھابیجی اور پپری پمپنگ اسٹیشنوں میں مشینوں کی تبدیلی اور دیگر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آنے والے موسم گرما میں عوام کو پانی کی فراہمی کے لئے واٹر بورڈ انتظامیہ دن رات کوشاں ہے اور میں خود تمام کاموں کی مانیٹرنگ کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن خرم شیر زمان کی تحریک استحقاق پر جواب دے رہے تھے۔

خرم شیر زمان نے اپنی تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا تھا کہ 16 فروری 2016 کو اسمبلی نے ن کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی، جس میں انہوں نے کراچی میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے 165 ایم جی ڈی کے دو منصوبوں کو فوری شروع کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت سے کہا تھا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ان دونوں منصوبوں کے ٹینڈرز جاری ہوچکیں ہیں اور 65 ایم جی ڈی کا ٹینڈر 21 جبکہ 100 ایم جی ڈی کا ٹینڈر 29 اپریل کو کھولا جارہا ہے، جس کے بعد ان دونوں منصوبوں پر باقاعدہ کام کا آغاز ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود گذشتہ روز صبح سے شام تک دھابیجی اور پپری پمپنگ اسٹیشن پر موجود تھے اور وہاں کی مشینری اور دیگر آلات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے دھابیجی اور پپری کے پمپنگ اسٹیشنوں پر سالہا پرانی مشینری کی تبدیلی اور اسٹینڈبائی مشینری اور دیگر پانی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے ضروریات کے لئے 200 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ منظور کرلی ہے اور ان پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور یہ تمام کام کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔

صوبائی وزیر جام خان شورو نے مزید کہا کہ پانی کے منصوبے K-4 کے کام کو کابینہ کی منظوری کے بعد FWO کے سپرد کردیا گیا ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا۔ یہ منصوبہ FWO دو سال میں مکمل کرلے گا اور اس کے لئے فنڈز بھی جاری کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے موسم گرما میں عوام کو پانی کی فراہمی میں مشکلات نہ درپیش ہوں اس لئے ہم تمام اقدامات بروئے کار لارہے ہیں اور پانی کے ترسیلی نظام اور مشینری کو جدید بنا کر پوری کوشش کررہے ہیں کہ شہر میں پانی کا بحران نہ ہو۔

البتہ شہر میں پانی کی رسد اور طلب میں نصف کا فرق ہے اور 165 ایم جی ڈی اور کے فور منصوبوں کے بعد اس پر بڑی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ بعد ازاں خرم شیر زمان نے صوبائی وزیر کی جانب سے یقین دہانی پر اپنی تحریک استحقاق پر دباؤ نہیں ڈالا۔

متعلقہ عنوان :