اسلام آباد ہائی کورٹ کا پاکستان فریڈم پارٹی کا انتخابی نشان استعمال کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پرویز مشرف کو سمن وصول کرانے کیلئے اخبار اشتہار دینے کا حکم

بدھ 6 اپریل 2016 20:23

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے پاکستان فریڈم پارٹی کا انتخابی نشان استعمال کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سابق صدر پرویز مشرف کو سمن وصول کرانے کیلئے اخبار اشتہار دینے کا حکم جاری کردیا۔ بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بینچ نے پاکستان فریڈم پارٹی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درخواست گزار سردار نسیم عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عدالتی سمن وصول کرنے سے قبل ہی پرویز مشرف ملک سے باہر چلے گئے ہیں جس کے باعث ان تک سمن نہیں پہنچ سکے۔ عدالت نے درخواست گزار کو حکم دیا کہ سمن کی تعمیل کیلئے عدالتی نوٹس کا اشتہار جاری کیا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان فریڈم پارٹی نے عدالت سے رجوع کیا تھا کہ آل پاکستان مسلم لیگ انتخابات مین ہمارا انتخابی نشان عقاب استعمال کر رہی ہے جو قانون کے خلاف ہے۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 26اپریل تک ملتوی کر دی۔