پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی زیر صدارت اجلاس

کوہستان، تورغر اور فاٹا میں ترقیاتی سکیموں پر عدم اطمینان کا اظہار، ترقیاتی منصوبوں کی انکوائری کا فیصلہ وزیراعظم معائنہ کمیشن ترقیاتی سکیموں کی انکوائری کریگا ٗاجلا س میں فیصلہ

بدھ 6 اپریل 2016 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی زیر صدارت اجلاس میں کوہستان، تورغر اور فاٹا میں ترقیاتی سکیموں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ بدھ کو سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے جائزہ اجلاس میں لیا گیا جس میں سینیٹر سعود مجید اور پلاننگ کمیشن کے حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کوہستان، تورغر اور فاٹا میں سکیموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم معائنہ کمیشن ترقیاتی سکیموں کی انکوائری کرے گا اور اس امر کا جائزہ لے گا کہ ان علاقوں کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لانے کے پیکیج پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیر میں ساڑھے چار ارب روپے کے پانی کے منصوبے اور تورغر میں 2008ء سے مواصلات اور تعمیرات کے منصوبوں کی انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا کے علاقوں کوہستان، تورغر اور قبائلی علاقوں میں گزشتہ 20 سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت ملنے والے فنڈز کے استعمال کی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم معائنہ کمیشن نے انکوائری کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔