راہداری منصوبے پر فاٹا اور صوبے کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز برداشت نہیں کیا جائے گا، سردار حسین بابک

اے این پی نے ہر فورم پر اپنے مؤقف کا جرأتمندانہ اظہار کرتے ہوئے کسی مصلحت سے کام نہیں لیا،جنرل سیکرٹری عوامی نیشنل پارٹی

بدھ 6 اپریل 2016 20:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور پر اے این پی کا مؤقف واضح ہے اور پارٹی نے پہلے ہی دن سے واضح کر دیا تھا کہ اس منصوبے پر فاٹا اور صوبے کے ساتھ کسی قسم کا امتیاز برداشت نہیں کیا جائے گا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کاریڈور سمیت تمام اہم ایشوز پر پارٹی نے صوبے اور فاٹا کے حقوق اور اختیارات کی جدوجہد میں بنیادی کردار ادا کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ خطے کی سیاسی نمائندگی پر کسی کو بھی سودے بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی ،اور پارٹی کے اس کردار کے نتائج اور اثرات کا عوام کے علاوہ بعض سیاسی مخالفین بھی وقتاً فوقتاً اعتراف کرتے آئے ہیں انہوں نے کہا کہ اسفندیار ولی خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے پہلی اے پی سی کے دوران مغربی روٹ پر واضح مؤقف لے کر اپنے خدشات کا کھل کر اظہار کیا اور اسی کے نتیجے میں وزیر اعظم کو دوسرا اجلاس بلانا پڑا ، جس کے بعد انہوں نے مغربی روٹ پر تمام درکار ضروریات اور سہولیات کے ساتھ کام کرانے کا اعلان کیا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی نے دواے پی سی بلائیں اور ہر فورم پر اپنے مؤقف کا جرأتمندانہ اظہار کرتے ہوئے کسی مصلحت سے کام نہیں لیا ،سردار حسین بابک نے کہا کہ اسی مؤقف کا نتیجہ تھا کہ بعض حلقوں نے اے این پی پر غداری کے الزامات لگانے سے بھی گریز نہیں کیا تاہم اے این پی اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹی رہی اور پارٹی کسی پروپیگنڈے اور مہم جوئی کو خاطر میں لائے بغیر اپنے مؤقف پر قائم رہی ، انہوں نے مزید کہا کہ راہداری منصوبے کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے میں اے این پی سب سے آگے رہی ،انہوں نے کہا کہ آج جو حقوق صوبے کو حاصل ہیں اس کا کریڈٹ بھی اے این پی کو جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ کوریڈور ، نیشنل ایکشن پلان ،پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات اور دہشت گردی جیسے ایشو پر اے این پی کا مؤقف زمینی حقائق کے تناظر میں قطعاً واضح اور جرأتمندانہ ہے اور ہم اپنے عوام کے حقوق کیلئے ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کسی قسم کی جدوجہد یا قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :