تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے،سی پی اوگوجرانوالہ

بدھ 6 اپریل 2016 19:38

گوجرانوالہ۔6 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء )تعلیمی اداروں کے قریب ٹھیلے ، ریڑھیاں اور خوانچہ فروش پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سکول سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سکول گارڈز کی ٹریننگ کا تیسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا ۔تعلیمی اداروں کے مالکان اور سکول سکیورٹی انچارج اس ا مر کے پابند ہیں کہ وہ ہفتہ میں دو بار سیکیورٹی معاملات کے حوالے سے میٹنگ کریں۔

(جاری ہے)

کوئیک ریسپانس فورس کے جوان اپنے اپنے کلسٹر میں الرٹ رہتے ہوئے فرائض منصبی انجام دیں ۔حسا س اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر سماج دشمن عناصر کے خلاف مربوط سرچ آپریشن کیا جائے ۔ ناکہ بندی اور پیٹرولنگ کو مزید موثر بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہارسٹی پولیس آفیسرمحمد وقاص نذیر نے اپنے آفس میں کرائم میٹنگ میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد معصوم خان،ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ، ایس پی سول لائن محمد ندیم کھوکھر،ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد جواد طارق، ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوزو دیگر افسران بھی موجود تھے۔