پانامالیکس نے حکمران ٹولے کی کرپشن پوری قوم کے سامنے بے نقاب کردی ہے‘ثروت اعجاز قادری

بیرون ملک سرمایہ لگانے والے حکمران کس منہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں؟ حکمران مستعفی ہوکر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں وزیراعظم کے بنائے گئے عدالتی کمیشن پرقوم کواعتمادنہیں‘سربراہ پاکستان سنی تحریک

بدھ 6 اپریل 2016 19:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاہے کہمعاشی ترقی کی راہ میں کرپشن سب سے بڑی رکاوٹ ہے،سیاست سے منافقت ختم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاناما لیکس نے حکمران ٹولے کی کرپشن پوری قوم کے سامنے بے نقاب کردی ہے،ٹیکس سے بچنے کیلئے سرمایہ باہر منتقل کرنے والوں کو قوم سے ٹیکسوں کا مطالبہ زیب نہیں دیتا،بیرون ملک سرمایہ لگانے والے حکمران کس منہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں؟،حکمران خاندان کی وضاحتیں قوم کیلئے قابل قبول نہیں، حکمران میڈیا ٹرائل سے بچنے کیلئے تاخیری حربے استعمال کرنے کی بجائے مستعفی ہوکر خود کو احتساب کے لیے پیش کریں،وزیراعظم کے بنائے گئے عدالتی کمیشن پرقوم کواعتمادنہیں، بااعتماد تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کومعاملے کا از خود نوٹس لیکر عدالتی کمیشن قائم کرناچاہیے،الیکشن کمیشن اورنیب پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کالا دھن بیرون ملک منتقل کرنے کی تحقیقات کرکے قوم کوحقائق سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی رہنمامحمدزاہدحبیب قادری سے ٹیلیفونک گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ثروت اعجاز قادری کا کہناتھا کہپاناما پیپر میں چھپنے والی خبروں کی تحقیقات فوری کرائی جائے ،غیر قانونی جائیدادیں بنانے اور ہنڈی کے ذریعے اربوں روپے بیرونی ملک بھیجنے والوں کے خلاف احتساب ہونا چاہیے ،قومی دولت لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سمیت جو بھی کرپشن جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ہے اسے نااہل قرار دیا جائے ،کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے کچلنا نا گزیر ہو گیا ہے،دہشت گردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کے بغیر پنجاب میں امن کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کیخلاف بھر پور کاروائی کے بغیر دہشت گردی سے نجات ممکن نہیں،دہشت گردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرستوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔جرم کو ختم کرنا ہے تو اسکے ماسٹر مائنڈوں کو قانون کے دائرے میں لانا ہوگا ،نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ،بھارت سے تجارت وثقافت کی آڑ میں بھارتی جاسوسوں کی سرپرستی کرنیوالے انشاء اﷲ جلد عوام کے سامنے بے نقاب ہونگے ۔