کہوٹہ ،قدیر لائبریری ہال میں ڈینگی بارے آگاہی مہم کیلئے سیمینار کا انعقاد

بدھ 6 اپریل 2016 18:59

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے ڈینگی خاتمے کے لیے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گذشتہ روز کہوٹہ قدیر لائبریری ہال میں ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم کے لیے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹی ایم او حاجی محمد صدیق، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد شبیر، ایم ایس ڈاکٹر مہر اختر حسین، فوڈ انسپکٹر غلام مرتضیٰ ، سابق سٹی ناظم و کونسلر راجہ ظہور اکبر، مسلم لیگ ن کہوٹہ سٹی صدر ڈاکٹر محمد عارف قریشی، یوتھ ونگ کے راجہ رفاقت جنجوعہ کے علاوہ محکمہ تعلیم ،لیڈی ہیلتھ ورکرز، محکمہ زراعت کے عملہ کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

مقررین نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنے ہوں گے اپنے گھروں محلوں کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا اور کہیں پانی کھڑا نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام محکموں اور خاص کر عوام کی بھرپور حمایت اور اقدامات سے ہی ڈینگی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں فی الحال ڈینگی کا کوئی مریض نہیں ہے سیمینار کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر سے عوام آگاہی مہم کے حوالے سے واک بھی کی گئی جس میں بینرز اور پمفلٹ بھی تھے۔

ادھر شہریوں نے اپنے موقف میں کہا کہ محکمہ ہیلتھ اور انتظامیہ صرف بیانات اور واک ،سیمینار تک محدود ہے کوئی عملی کام نہیں ہوتا جبکہ کئی سالوں سے کہوٹہ شہر اور گردونواح میں نہ کسی نے سپرے کیا اور نہ ہی صفائی انتظامات کیے گئے حالانکہ لاکھوں کے فنڈز اس مہم پر خرچ کیے جاتے ہیں جوکہ صرف کاغدوں میں ہوتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کہوٹہ شہر اور گردونواح میں سپرے کیا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر نالوں، تالابوں کی فی الفور صفائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :