وفاقی حکومت جان بوجھ کرکوہ دامان کے عوام کو گیس کی سہولت سے محروم رکھ رہی ہے، شاہ فرمان

گیس خیبرپختونخوا کی پیداوار ہے ،علاقے کو گیس فراہمی کیلئے مطلوبہ رقم حکومت نے محکمہ سوئی ناردرن کوفراہم کردی ہے پھربھی وفاقی حکومت کوہ دامان کے لوگوں سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے، وزیر آبنوشی کے پی کے

بدھ 6 اپریل 2016 18:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت جان بوجھ کر کوہ دامان کے عوام کو گیس کی سہولت سے محروم رکھ رہی ہے حالانکہ گیس خیبرپختونخوا کی پیداوار ہے ،گیس پائپ لائن یہاں سے دوسرے علاقوں کو گزری ہے جبکہ علاقے کو گیس کی فراہمی کے لئے مطلوبہ رقم صوبائی حکومت نے محکمہ سوئی ناردرن گیس کو فراہم کردی ہے پھربھی وفاقی حکومت کوہ دامان کے لوگوں سے کئے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے حلقہ نیابت پی کے ۔10 کے علاقہ بڈھ بیر میں 3 کلومیٹر ڈلی ڈھیرروڈ کے تعمیراتی کام کے افتتاح کے موقع پر لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس منصوبے پر 4 کروڑ70 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور اس کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو آمدورفت کے سلسلے میں درپیش دیرینہ مسائل حل ہوجائینگے۔

(جاری ہے)

شاہ فرمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وفاقی حکومت انتخابات کے دن نزدیک آنے پر کوہ دامان کو گیس کی فراہمی کااعلان کرنے کی منصوبہ بندی کرچکی ہے اور کوہ دامان سے امیر مقام کو کھڑا کرنے کی سوچ رہی ہے اورگیس کی فراہمی کے اعلان پرانتخابات میں کامیابی کی آس لگابیٹھی ہے مگر کوہ دامان کے غیرت مند عوام امیر مقام کی ضمانت ضبط کرادیں گے اوروہ پی ٹی آئی کے سوا باہر سے آئے ہوئے کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔

شاہ فرمان نے کہا کہ ہمیں اﷲ تعالیٰ نے کوہ دامان کی برسوں سے جاری پسماندگی ختم کرنے کاموقع دیاہے اور ہم اپنے تمام وسائل استعمال کرکے یہاں کی پسماندگی دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پورے حلقہ پی ۔کے۔10 میں ترقیاتی کاموں کاجال بچھا یاجارہا ہے اور عوام جلد ہی صحت، آمدورفت ،تعلیم اورزراعت کے میدان میں یک خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے۔

متعلقہ عنوان :