پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا سکول پارٹنرز سے اساتذہ کی تنخواہوں کے سرٹیفکیٹ طلب کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 اپریل 2016 18:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکول پارٹنرز سے ان کے اساتذہ کی تنخواہوں کے حوالے سے سرٹیفکیٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس سرٹیفکیٹ میں یہ بات واضح طو ر پر بیان کی جائے گی کہ یہ ٹیچرز رشتہ دار نہیں بلکہ حقیقی ملازم ہیں، اسی طرح یہ بات بھی بیان کی جائے کہ اکتوبر 2015تا مارچ 2016فی استاد کیا تنخواہ دی گئی۔

یہ فیصلہ ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود کی زیر صدارت پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹرزاور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وسائل سے محروم بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پیف نے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جس سے غریب بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے 67فی صد سکول پارٹنرز جنوبی پنجاب کے 11اضلاع میں مفت تعلیم دے رہے ہیں۔ اجلاس میں تجویز کیاگیاکہ پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہیں بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اداکی جائیں ۔ ایم ڈی پیف طار ق محمود نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتہائی منظم اور مستعد استعمال کے ذریعے شفافیت کے اعلیٰ معیا ر کو برقرار رکھا جائے۔

پروگرام ڈائریکٹرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ بوگس پیمنٹ نہ ہونے پائے۔کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ یاسکول ریکارڈ میں جعلی طالب علم کی موجودگی کے حوالے سے زیرو برداشت کی پالیسی اپناتے ہوئے پارٹنر شپ کینسل کے علاوہ ریکوری بھی کی جائے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے طالب علموں کی حاضری شیٹ میں تصاویر کے ساتھ سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کے ڈیٹا کوبھی شامل کیا جائے تاکہ کسی قسم کی جعل سازی ممکن نہ ہونے پائے۔

اسی طرح طالب علموں سے رقم وصول کرنے یا کسی دیگر فریب سازی کے مر تکب عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایم ڈی پیف نے کہ یتیم طالب علموں کے سرپرست کے طور پر خونی رشتہ دار بشمول چچا ،ماموں ،دادااور نانا کا اندراج کیا جائے۔انہوں نے پروگرام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ ایسے سکول پارٹنر ز جن کی رجسٹریشن جعلی نکلی ہے یا معینہ مدت کے دوران رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جمع کر وانے میں ناکام رہنے والے سکولوں کی شراکت داری منسوخ کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے ۔

طارق محمود نے مزید کہا کہ پیف کے تعلیمی منصوبوں کی اعلیٰ کوالٹی اور شفافیت کو برقرا ر رکھا جائے گا۔یہ بات اطمینا ن بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبے نہایت باکفایت ، نتیجہ خیز اور بے وسیلہ بچوں کی تعلیمی داد رسی کے حوالے سے شاندار ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :