پانامہ لیکس رپورٹس آنے کے بعد نواز شریف کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے، ایاز سومرو

کمیشن بنانے کا مقصد معاملے کو ردفع دفع کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، نواز خاندان اپنے ملکیتیں کیوں چھپاتی رہی؟ ،رہنماء پیپلزپارٹی

بدھ 6 اپریل 2016 18:17

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے صدر و ایم این اے محمد ایاز سومرو نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس رپورٹس آنے کے بعد نواز شریف کو استعفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے، کمیشن بنانے کا مقصد معاملے کو ردفع دفع کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، نواز خاندان اپنے ملکیتیں کیوں چھپاتی رہی؟ اور رپورٹس کے آنے کے بعد کیوں ظاہر کی گئی ٹیکس کو بچانے کے لیے ملکیت چھپائی گئی، پاناما لیکس نے نواز خاندان کے چھپے ہوئے چہرے کو ظاہر کردیا ہے۔

لاڑکانہ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب، ایف آئی اے کہاں ہے؟ پیپلز پارٹی کے لیے اگر کچھ ایسی بات ہوتی تو ایف آئی اے والے زمین کو ہلادیتے دو وزرائے رانا ثنااﷲ اور رانا مشہود کی دھمکیوں کے بعد نیب پنجاب میں تفتیش نہیں کررہی، یہ ادارہ صرف سندھ میں پی پی پی کے خلاف کام کررہا ہے جو سوتیلی ماں جیسا سلوک پیپلز پارٹی اور سندھ سے کیا جارہا ہے اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو سرسبز باغ دکھاکر آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوائے کچھ نہیں ان سیاستدانوں کے باعث دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوچکا ہے اور ساری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے اس ماحول میں نواز شریف کو استعیفیٰ دے کر گھر جانا چاہیے عوام اب ان سے بے زار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے خلاف ہونے والی سازشوں کا پارٹی رہنما منہ توڑ جواب دیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس ملک کے عوام کی خدمت کی ہے وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تھا جنہوں نے اپنی ملکیت بھی غریبوں میں تقسیم کی، حالیہ دور کے سیاستدان عوام کی کھال اتارنے میں پورے ہیں اس وقت ملک پر مشکل دن ہے، پاکستان کی پوری تاریخ میں اتنا قرضہ کسی بھی حکومت نے نہ اٹھایا جتنا نواز سرکار نے تین سالوں میں اٹھایا ہے، ہمارے ہر بچے کو مقروض بناکر خود اثاثے بنوائے جارہے ہیں، اس ملک کو سرمایہ کار نہیں بلکہ سیاستدان ہی چلاسکتا ہے اور وہ سیاستدان بلاول بھٹو ہے جو اس ملک کو ترقی کی جانب گامزن کریں گے۔