جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے وفد کا ٹیوٹا سیکرٹریٹ کا دورہ

جائیکاگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فیصل آباد کوسینٹر آف ایکسلینس ،دیگر 11گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کیلئے 640ملین روپے فراہم کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ

بدھ 6 اپریل 2016 18:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) چیئر پرسن ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا)گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فیصل آباد کوسینٹر آف ایکسلینس اور دیگر 11گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کیلئے 640ملین روپے فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہارچیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں جائیکا کے وفد کے دورہ کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر پاکستان میں سینئر نمائندہ جائیکا مسٹر موتو تاکی، جائیکا پراجیکٹ چیف کاکی سو سان، ماہر جائیکا مسٹر آکیرا اودا، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،سابق صدر فیصل آباد چیمبر انجنئیر سہیل بن رشید، ممبر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل،ممبر پاپام ایسوسی ایشن ریحان اعجاز، نمائندہ پی اینڈ ڈی ڈیپار ٹمنٹ اورٹیوٹا افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ جائیکاگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور میں آرکیٹکچر اور مکینیکل کے شعبہ جات میں سینٹر آف ایکسیلنس کیلئے پہلے ہی 860ملین روپے فراہم کر چکی ہے اور یہ پراجیکٹ بڑی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ جائیکا کی طرف سے نئی فنی معاونت سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فیصل آباد کوسینٹر آف ایکسلینس بنانے اور مزید 11گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کی جائے گی جن میں گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی گوجرانوالہ، جہلم،لیہ، ملتان، سانگلہ ہل، سرگودھا، سیالکوٹ، بہاولپور،ساہیوال، گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج فیصل آباد اور گورنمنٹ سویڈش پاکستانی کالج آف ٹیکنالوجی گجرات شامل ہیں۔

نئے پراجیکٹ سے ان اداروں میں مکینکل ٹیکنالوجی کے جدیدنصاب کی تیاری، ٹیچرز ٹریننگ، مشینری وآلات کی یقینی فراہمی، انتظامی امور میں بہتری شامل ہیں۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ جی سی ٹی ریلوے روڈ لاہور میں آرکیٹکچر اور مکینیکل کے شعبہ جات میں سینٹر آف ایکسیلنس کے شاندار قیام کے بعددیگراداروں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن کیلئے جائیکا کی مزید فنی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔اس پراجیکٹ کے ذریعے فارغ التحصیل ماہر افرادی قوت کو روزگارکے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی اور ادارے کی سطح پر جاب پلیسمنٹ سیل بھی قائم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :