علماء کرام و مدرسین اسلامی معاشرہ کے فکری معمار ہیں‘ وزیر مذہبی امور پنجاب

علما ء کرام اسلامی معاشرے کی درست سمت کی ترویج میں انتہائی اہم وموثر کردار ادا کر سکتے ہیں میڈیا کو بھی چاہیے معاشرہ میں اسلامی اقدار کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ‘ عطا محمد مانیکا

بدھ 6 اپریل 2016 18:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطا محمد مانیکا نے کہا ہے کہ علماء کرام و مدرسین اسلامی معاشرہ کے فکری معمار ہیں جو اپنی راہنمائی اور پرعزم قیادت کے ذریعے اسلامی معاشرے کی درست سمت کی ترویج میں انتہائی اہم وموثر کردار ادا کر سکتے ہیں،اس حوالے سے صوبائی محکمہ اوقاف و مذہبی امور دینی مفکرین اور علمائے کرام کی راہنمائی کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے،اس ضمن میں میڈیا کو بھی چاہیے کہ معاشرہ میں اسلامی اقدار کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔

یہ بات انہوں نے ایوان اقبال کمپلیکس میں منعقدہ دو روزہ قومی کانفرنس بعنوان ’’ عصر حاضر کے چینلجز اور علماء و مدرسین کی ذمہ داریاں ‘‘ میں بطور مہمان خصوصی افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئی کہی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں 60 کے قریب علماء و مدرسین دیوبندی ، بریلوی ،اہلحدیث ،جماعت اسلامی اور شیعہ اداروں کے اساتذہ و علماء کرام کو ٹریننگ بھی دی گئی ۔

کانفرنس میں نقابت کے فرائض علی طارق نے ادا کئے جبکہ کانفرنس کے اغراض و مقاصد ڈاکٹر طالب حسین سیال نے بیا ن کئے ۔اسلامی یونیورسٹی لاہور کے مولانا ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مدنی ، سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ علامہ افضل حیدری ،ڈائریکٹر دعوۃ اکیڈمی ڈاکٹر سہیل حسین نے اسلامی تعلیمات اور تدریس کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

علمائے کرام نے عصر حاضر میں دین اسلام کی تعلیمات اور جدید سائنسی علوم کے حصول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دین اسلام امن ،بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے ۔جس کے تحت ایک معاشرہ میں بسنے والوں کو ان کے مساوی حقوق کے ساتھ ساتھ انسانی صلاحیتوں کو پرموٹ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں مدارس کے اساتذہ و علمائے کرام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے اور صوفیائے کرام کا پیغام امن ، بھائی چارہ کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج بھی ہے ۔جس سے انسانی موجودگی کو صحیح سمت ملتی ہے ۔دینی تعلیم کے ساتھ جدید سائنسی علوم کا حصول اسلامی معاشرے کو مزید نکھارتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :