ایل این جی کے سسٹم میں آنے سے چھ سال کے طویل وقفے کے بعد گیس کی قلت ختم ہو گئی ہے ‘ ایم ڈی ایس این جی پی ایل

دسمبر تک انفراسٹر اکچر مکمل ہو نے کے بعد 1200ملین مکعب فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل ہو جائیگی‘ امجد لطیف کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 اپریل 2016 18:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے کہاہے کہ ایل این جی کے سسٹم میں آنے سے چھ سال کے طویل وقفے کے بعد گیس کی قلت ختم ہو گئی ہے اورپاورسیکٹر، فرٹیلائزراور سی این جی سمیت تمام صنعتوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ، گیس کے نئے کنکشنز کے بارے میں حکومت پالیسی وضع کرے گی جسکے بعد اس پرعملدرآمد کیا جائے گا،رواں سال دسمبر تک ایس این جی پی ایل کا انفراسٹر اکچر مکمل ہو جائے گاجسکے بعد 1200ملین مکعب فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل ہو جائے گی ۔

ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے دفتر میں چیئرمین اپٹما عامر فیاض کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایم ڈی سوئی گیس نے کہا کہ ایل این جی کے آنے سے سوئی نادرن کے سسٹم میں 470ملین مکعب فٹ گیس شامل ہوئی ہے اور امید ہے کہ 1200ملین مکعب فٹ اضافی گیس رواں سال کے آخر تک سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے کئی سالوں سے جاری گیس کا بحران ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کے کنسورشیم سے 70ارب روپے کے قرضے سے دسمبر تک سوئی نادرن کا انفراسٹر اکچر مکمل ہو جائے گا ۔ اس کے علاوہ ایران پاکستان اور ترکمانستان سے گیس کا منصوبہ چل رہا ہے جس سے آئندہ ملک میں گیس کی فراوانی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے چوری ہونے سے کبھی انکار نہیں کیا لیکن ہمارا نقصان سنگل ڈیجٹ میں ہے ، سوئی نادرن کے حکام گیس چوری روکنے کیلئے چھاپے مار رہے ہیں۔

بڑے لوگوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے اور گیس چوری روکنے کے لئے دن رات کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے اکاؤنٹس اوگرا کا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے منظور نہیں ہو سکے ۔ اب تینوں سالوں کے اکاؤنٹس ایک وقت میں منظور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے گیس کے لائن لاسز سات فیصد سے کم کر 4.5فیصد کر دیا تھا جو کہ قابل عمل نہیں تھا اب اوگرا دوبار سات فیصد کر رہی ہے جس سے آئندہ مالی سال منافع میں آ جائے گی ۔ اس موقع پر چیئرمین اپٹما عامر ریاض نے پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو بلا تعطل گیس کی فراہمی پر ایم ڈی سوئی نادرن کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :