نئے تعینات ہونیوالے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہد سعید کی گورنر رفیق رجوانہ سے ملاقات

ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں ترقیاتی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 6 اپریل 2016 18:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) صوبے میں نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہد سعید نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور بالخصوص جنوبی پنجاب میں ترقیاتی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر پنجاب نے چیف سیکرٹری پنجاب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اِس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔اس ضمن میں تمام سرکاری مشینری کو نہ صرف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہیں بلکہ صوبے کے عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے واضح حکمت عملی سے کام کرناہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام اور بیورو کریسی کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہو گا۔

گورنر پنجاب نے اِس توقع کا اظہار کیا کہ نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر حکومتی پالیسیوں کے تسلسل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بابر بٹ کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد میں عمر بٹ، غلام حسین اعوان، گوگی شاہ، چوہدری یونس اور محمد کاشف بٹ کے علاوہ دیگر احباب بھی شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کے بغیر معاشی استحکام کے حصول کا خواب پورا ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا پہیہ صنعت و تجارت سے جڑا ہوا ہے اور موجودہ حکومت اس شعبے کی ترقی اوراسے فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر نے کہ ہمارے صنعت کار تمام تر مشکلات کے باوجود ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جس سے نہ صرف لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں بلکہ ملکی زرمبادلہ میں بھی خواطر خواہ اضافہ ہورہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہ حکومت ملک میں جاری توانائی کے بحران پر قابوپانے کے لئے متعدد میگاپراجیکٹس پر کام کررہی ہے جس سے صنعتی شعبے کی رونقیں مزید بحال ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن وامان کے حوالے سے ہماری عسکری اور سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ پوری قوم ایک پیج پر کھڑی ہیں ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشا ء اﷲ بہت جلد ہم دہشت گردی کے اس ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔ اس موقع پر سانحہ گلشن اقبال کے شہداء کے بلند درجات کے لئے خصوصی دُعا کی گئی۔