سی ڈی اے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے، معروف افضل

بدھ 6 اپریل 2016 17:55

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا ہے کہ سی ڈی اے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے، ہمارے اور سی ڈی اے محنت کشوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے اور ہم نے ہمیشہ اپنے محنت کشوں کا گھر کے فرد کی طرح خیال رکھا ہے۔ وہ سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کمیٹی سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ممبر ایڈمن عامر احمد علی، قائد مزدور چوہدری محمد یاسین، صدر اورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ صوفی محمود علی اور ان کے رفقاء اسلام آبادسے منتخب بلدیاتی نمائندوں میں شامل چیئرمین یوسی 26 چوہدری الله دتہ، وائس چیئرمین چوہدری عبدالستار، وائس چیئرمین یوسی 31 انجینئر زاہد محمود، وائس چیئرمین یوسی 25 ایم عزیر انوار، اقلیتی کونسلر چوہدری اشرف فرزند، کونسلرز چوہدری طارق، چوہدری طاہر اور مسیحی ملازمین سمیت سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ ہمارے اور محنت کشوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے اور ہم نے ہمیشہ اپنے محنت کشوں کاگھر کے فرد کی طرح خیال رکھا اور انہیں مراعات دینا اس بات کا اعتراف ہے کہ محنت کش محنت سے کام کرتے ہیں، ان کے قائد چوہدری محمد یاسین نے ہمیشہ محنت کشوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو انتظامیہ کے سامنے پیش کیا اور میں یقین دلاتا ہوں کہ مسیحی ملازمین سمیت تمام سی ڈی اے ملازمین کے مسائل خصوصاً مسیحی ملازمین کے بچوں کی بھرتی، سکیلوں اور تنخواہوں میں غیر ضروری تفریق کے خاتمے، مسیحی کالونیوں میں ان کی رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے سمیت ان کے قبرستان میں جدید سہولیات اور آمدورفت کے لئے قبرستان بس کا انتظام اور حاضریوں کے مقام پر سائیٹ آفس کے قیام جیسے مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے گا۔

ملازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی ان کا حق اور ہماری ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے چوہدری محمد یاسین اور سینی ٹیشن سی بی اے کمیٹی کے عہدیداران وارث دلیپ، طارق شریف، سلیم بھٹی، نشاط اکبر ستی، سلیم غوری اور ان کی ٹیم کا شاندار استقبالیہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وارث دلیپ نے سینی ٹیشن ملازمین اور خصوصاً مسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے 20 فیصد سپیشل الاؤنس اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے پر چیئرمین سی ڈی اے و بورڈ ممبران اور قائد مزدور چوہدری محمد یاسین کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وارث دلیپ نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ میں سٹاف و مشینری کی کمی، ملازمین کے بچوں کی بھرتی، مسیحی کالونیوں میں سرکاری کوارٹرز کی خستہ حالی اور مسیحی قبرستان کے لئے بس سمیت دیگر سہولیات اور سینی ٹیشن میں کام کرنے والے سپروائزروں کو 14 واں سکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ چوہدری محمد یٰسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل مزدور دوست اور غریب پرورشخصیت ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ملازمین کے جائز مسائل کو بھرپور طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی۔

سی ڈی اے مزدور یونین جب 2006ء میں برسراقتدار آئی تو ہم نے محاذ آرائی اور بلیک میلنگ کی سیاست کو ختم کر کے نہ صرف محبتوں کو فروغ دیا بلکہ نفرتوں کا خاتمہ کرتے ہوئے بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب تمام سی ڈی اے ملازمین کو تاریخی مراعات دلوائیں۔ سینی ٹیشن ملازمین اور خصوصاً مسیحی برادری کا اسلام آباد کو بین الاقوامی سطح کا شہر بنانے میں اہم کردار ہے لیکن ان لوگوں کے حقوق کی حق تلفی ناقابل برداشت عمل ہے، مسیحی ملازمین کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر سطح پر ان مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہمیشہ جمہوری اقدار کو فوقیت دی اور ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ہمیشہ حکومت اور مسلح افواج کی قومی ایشوز پر حمایت کی ہم بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کو با اختیار دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہمارا بھرپور مطالبہ ہے کہ سی ڈی اے جیسے قومی ادارے کو توڑا نہ جائے کیونکہ ادارے روز روز نہیں بنتے لہذا سی ڈی اے کو قائم و دائم رہنا چاہئے اور سی ڈی اے ملازمین کی مراعات و حقوق کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے، میں پہلے بھی ہر سطح پر اپنے ملازمین کے تحفظات سے آگاہ کر چکا ہوں اور آئندہ بھی اپنے ملازمین کے حقوق کی خاطر اپنی اخلاقی، قانونی اور آئینی جدوجہد جاری رکھوں گا۔

متعلقہ عنوان :