3مشتبہ پاکستانی دہشتگردوں کی اطلاع،بھارتی پنجاب میں سیکورٹی الرٹ جاری

ممکنہ طور پر خودکش جیکٹ اور اسلحہ سے لیس 3 مشتبہ پاکستانی دہشتگرد نئی دہلی ،ممبئی اور گوا کو نشانہ بنا سکتے ہیں، گاڑیوں کی سخت چیکنگ ،سیکورٹی اداروں کی عمارتوں ، دفاعی اداروں ،مذہبی مقامات،ریلوے اسٹیشنوں ،مارکیٹوں ،مالز،پرہجوم مقامات،تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی گئی ،ڈی جی پولیس پنجاب ایچ ایس دہلون

بدھ 6 اپریل 2016 17:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) بھارتی سیکورٹی اداروں نے پنجاب میں دہشتگرد حملوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 3 مشتبہ پاکستانی دہشتگرد نئی دہلی ،ممبئی اور گوا کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ تین پاکستانی مشتبہ دہشتگرد اور ایک مقامی شخص ایک کار میں سفر کررہے ہیں جن کے پاس ہتھیار اور ممکنہ طور پر خودکش جیکٹ بھی ہے جو دہلی ،گوا یا ممبئی کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی طرف سے موصول ہونے والی اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ ایک سرمئی رنگ کی سوئفٹ ڈیزائر گاڑی کے بانہال ٹنل پار کرنے کا امکان ہے ۔پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آڈر) ایچ ایس دہلون کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی اطلاع پر سیکورٹی الرٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرنے اور خاص طور پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارتوں اور دفاعی اداروں ،مذہبی مقامات،ریلوے اسٹیشنوں ،مارکیٹوں ،مالز،پرہجوم مقامات،تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔