آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میرے دل کے بہت قریب ہے، خطے میں سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے پرعزم ہیں‘ یقین ہے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور پذیرائی ملے گی، انتخابات کیلئے امیدواروں کا فیصلہ افہام و تفہیم اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے

وزیراعظم نواز شریف کامسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

بدھ 6 اپریل 2016 17:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میرے دل کے بہت قریب ہے، آزاد کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے پرعزم ہیں، یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور پذیرائی ملے گی، آزاد کشمیرانتخابات کیلئے امیدواروں کا فیصلہ افہام و تفہیم اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

وہ بدھ کو مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نواز شریف نے چیئرمین کی حیثیت سے کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر حقیقی عوامی نمائندوں کو آگے لائیں گے، حقیقی نمائندے ہی عوامی فلاح اور تعمیر و ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبے کی ترقی، تجارت، زراعت، صنعت ، جنگلات اور سیاحت کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی میرے دل کے بہت قریب ہے، آزاد کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے پرعزم ہیں، یقین ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور پذیرائی ملے گی، آزاد کشمیرانتخابات کیلئے امیدواروں کا فیصلہ افہام و تفہیم اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔