عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست نہ دینے کا فیصلہ

بدھ 6 اپریل 2016 17:24

عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست نہ دینے کا فیصلہ

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔6اپریل 2016ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 43سالہ سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنائی گئی کوچ فائنڈنگ کمیٹی پر اعتماد نہیں ہے اور اسی لیے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔انکا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی پہلے ہی کہ چکا ہے کہ ہیڈ کوچ غیر ملکی ہوگا،معلوم نہیں کہ غیر ملکی ہیڈ کوچ پاکستان میں کیا تبدیلی لائے گا کیوں کہ اسے تو ہماری ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑویوں کا علم تک نہیں ہوتا ہے ، وہ تو 4،5سینئر کھلاڑیوں کو ہاتھ میں لے کر جونیئرز کو کنٹرول میں لینے کی کوشش کرتے ہیں اور انہی سینئر کھلاڑیوں کے کنٹرول میں رہ کر 2پورے کرنے کے بعد واپس چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

عاقب جاوید کے مطابق کرکٹ بورڈ نے کوچنگ کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا جس پر انہو ں نے کہا تھا کہ وہ کوچنگ کے لیے حاضر ہیں کیوں کہ وہ آخر پاکستانی ہیں اور ملک ہی کی خدمت کریں گے،انہو ں نے گراس روٹ لیول پر بھی کام کیا ہو ا ہے ۔عاقب جاوید کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹرز کو سوچنا چاہیئے کہ وہ کیریئر میں کوچ ، امپائر ،کمنٹیٹراور کرکٹ ایکسپرٹ میں سے کیا بننا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل 2رکنی کوچ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی جسے قومی ٹیم کے اگلے کوچ کو چننے کا کام سونپا گیا تھا ۔