حکومت ’پانامہ لیکس‘ا سکینڈل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے ، مولانا محمد اسعد زکریا قاسمی

بدھ 6 اپریل 2016 16:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)پاکستان علماء کونسل سندھ کے صدر مولانا محمد اسعد زکریا قاسمی نے کہا ہے کہ حکومت وقت ”پاناما لیکس“ اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے ،ملوث افراد کو عدالتی کٹہرے میں کھڑا کرے اور ایسے افراد کو قرار واقعی سزا دے ۔ انہوں نے صوبائی دفترفیڈرل بی ایریامیں علماء سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ججوں پر مشتمل کمیشن غیر مو‘ثر ہوگا۔

حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکینڈل میں ملوث افراد خواہ ان کا تعلق کسی بھی خاندان یا قبیلہ سے ہو سخت ایکشن لے اور ملکی قوانین کے مطابق سزائیں دی جائیں اور کسی قسم کی اقرباء پروری کا مظاہرہ نہ کیاجائے اور ملوث افراد کی ساری دولت غریب عوام کی فلاح وبہبودپر خرچ کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئس لینڈ کے وزیراعظم کا استعفیٰ لائق تحسین ہے ،حالانکہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے ہوناتویہ چاہیئے تھاکہ پاکستان کے حکمران انکشافات کے فوراً بعد مستعفی ہوکر عدالتوں کا سامناکرتے مگر انہوں نے کمیشن بناکر ایک نئی مہم کا آغاز کیاہے جس میں ظاہر ہے کچھ حاصل ہونے کے بجائے قومی خزانے کو ہی نقصان ہوگا۔

اس موقع پرپاکستان علماء کونسل کراچی ڈویژن کے صدر مولانا حبیب الرحمن ، جنرل سیکریٹری قاری محمد اعظم فاروقی اور قاری محمدطیب بھی موجودتھے ۔