وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس ‘ را سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر سخت تشویش کااظہار

بدھ 6 اپریل 2016 16:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)سیاسی وعسکری قیادت نے پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ‘وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراطلاعات پرویز رشید ‘چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ‘تینوں مسلح افواج کے سربراہان ‘ ‘ ڈی جی آئی ایس آئی ‘ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیراعظم کے مشیربرائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ، ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ‘ قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس کے دوران سول و عسکری قیادت نے ملک میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی مداخلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معالمی عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اجلاس کے دوران حال ہی میں امریکا میں ہونے والی جوہری سلامتی کانفرنس، امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری اور مسلح افواج کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عالمی برادری کی طرف سے پاکستان کے دہشتگردوں کیخلاف اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرنے کو سراہا گیا ۔