وزارت قانون نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن کے قیام بارے مشاورت مکمل کرلی

کمیشن کے سربراہ اور ارکان کی حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف دیں گے

بدھ 6 اپریل 2016 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اپریل۔2016ء) وزارت قانون نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن کے قیام بارے مشاورت مکمل کرلی، کمیشن کے سربراہ اور ارکان کی حتمی منظوری وزیراعظم نواز شریف دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پانامہ لیکس کی تحقیقات کے معاملے پر وزارت قانون میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ اور سیکرٹری قانون نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پانامہ لیکس کے معاملے پر کمیشن بنانے اور اراکین کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کی بجائے انکوائری کمیشن کرے گا، انکوائری کمیٹی ایکٹ 1996 کے تحت قائم کی جائے گی۔ اجلاس میں انکوائری کمیشن کے قیام بارے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ وزارت قانون کی طرف سے انکوائری کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے ناموں کی سمری وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائی جائے گی، کمیشن کے سربراہ اور اراکین کے ناموں کی حتمی منظوری وزیراعظم ہی دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے منظوری کے بعد وزارت قانون کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔