وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو دفن کر دیا ‘ ترجمان پنجاب حکومت

بدھ 6 اپریل 2016 15:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلندکر دیا ، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو دفن کر دیا ،اگر کسی کے پاس پاناما لیکس الزامات کے حوالے سے شواہد یا دلائل ہیں تو وہ کمیشن کے سامنے پیش کرے، حکومت کمیشن کے فیصلے کو من وعن قبول کرے گی،ماؤس کنگ عمران خان اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا پہلے جواب دیں اور شوکت خانم کو دی جانے والی زکوة کو آف شور کمپنی کی ذریعے پیسے انوسٹمنٹ کرنے کا جواب دیں اور تحقیقات کے لئے کمیشن بنائیں۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم نے ایسے وزیر اعظم کو منتخب کیا جو الزام لگنے پر خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی ذات پر کسی قسم کا الزام نہیں ہے تاہم ان پر تنقید کرنے والے اپنی گریبان میں جھانکیں ، پہلی بار ایک وزیراعظم نے جھوٹے اور بے بنیاد و الزامات پر اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے۔

وزیراعظم کا اقدام جمہوری رویوں کی دلیل ہے،ثابت ہوگیا ہے کہ نوازشریف وزیراعظم ہی نہیں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔زعیم قادری نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماؤس کنگ عمران خان اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا پہلے جواب دیں ،عمران خان شوکت خانم کو دی جانے والی زکوة کو آف شور کمپنی کی ذریعے پیسے انوسٹمنٹ کرنیکا جواب دیں اور تحقیقات کے لئے کمیشن بنائیں۔

پانامالیکس سے متعلق کمیشن بنانے پر غور کیا جا رہا ہے اور اگر کسی کے پاس پاناما لیکس الزامات کے حوالے سے شواہد یا دلائل ہیں تو وہ کمیشن کے سامنے پیش کرے، حکومت کمیشن کے فیصلے کو من و عن قبول کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بعض رہنما پاناما لیکس پر بہت شور کر رہے ہیں اور کمیشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تاہم ان کی تنقید بلاجواز ہے ۔پیپلز پارٹی پہلے اپنی لیڈر کے حوالے سے رحمان ملک اور دیگر کے بارے میں کمیشن قائم کروا کر تحقیقات کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو نواز شریف نے دفن کر دیا ، پاکستانی عوام نے نواز شریف کو تیسری بار وزیر اعظم چنا۔

متعلقہ عنوان :