المصطفیٰ کا فری آئی کیمپ،400 سے زائد مریضوں کا معائنہ، 72مریضوں کے کامیاب آپریشن،ادویات،لینزودیگرسہولیات فراہم کی گئیں

بدھ 6 اپریل 2016 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام فری آئی کیمپ اختتام پذیر‘ 72مریضوں کے کامیاب آپریشن‘400سو سے زائدمریضوں کا طبی معائینہ‘ادویات،لینزاوردیگرسہولیات فراہم کی گئیں،المصطفیٰ نے ہماری آنکھوں کا نورلوٹاکراپنے لئے دنیا و آخرت کا نورحاصل کرلیا‘مریضوں کے لبوں پہ بے ساختہ دعائیں مچلنے لگیں،تفصیلات کے مطابق فری آئی کیمپ میں المصطفیٰ کے صدر عتیق احمدکیانی،المصطفیٰ ٹرسٹ( یوکے) سے ڈاکٹرسہیل رضا چوہدری،سرجن ڈاکٹر ذوہیب الحسن شاہ،تجمل گورمانی،یوسف مہتاب سمیت میڈیکل ٹیم اور رضاکاروں نے حصہ لیا۔

فری آئی کیمپ میں آنیوالے مریضوں کو آپریشن سمیت ادویات،لینزز رہائش،کھانااور دیگرتمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

کیمپ میں المصطفیٰ کے رضاکاروں نے دن رات اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔فری آئی کیمپ کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقادکیاگیا، جس میں آپریشن شدہ مریضوں اور ان کے ورثاء کو خصو صی ہدایات بھی دی گئیں،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے صدر عتیق احمدکیانی‘تجمل گورمانی و دیگر نے کہاکہ المصطفیٰ کی جانب سے فری آئی کیمپ کا انعقادکسی کی ذات پر کوئی احسان نہیں بلکہ اللہ اور اس کے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حقیقی تعلیمات یہی ہیں کہ خلق خدا کی خدمت کی جائے،آج بدقسمتی سے اسلا م کی غلط تصویر دنیاکو دکھائی جارہی ہے اور مسلمانوں کی صفوں میں موجود مٹھی بھر شرپسند اسلام کا لبادہ اوڑھ کراسلام اور مسلمانوں کو رسواکررہے ہیں اور امت کو عالمی صیہونی طاقتوں کی دہشتگردی کا شکارکروارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام کے ماننے والے نہ صرف مسلمانوں کے ہمدرداور غمگسارہیں بلکہ وہ بلاتخصیص انسانیت کے قدردان ہیں،نبی ءِ مہربان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غیرمسلموں کے ساتھ بھی حسن سلوک فرماکر تاروزقیامت اپنی امت کی رہنمائی فرمائی۔انہوں نے کہاکہ المصطفےٰ ویلفیئرسوسائٹی زیرانتظام فری آئی کیمپ دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک تسلسل ہے۔

المصطفیٰ ملک گیر فلاحی نیٹ ورک رکھتی ہے ۔جو بلاتخصیص خلق خدا کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کی تعلیمات کے مطابق معاشرے کے مفلوک الحال لوگوں کی خدمت بھی عبادت ہے۔انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ کی سماجی خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔کیمپ میں آنیوالے مریضوں کے ورثاء نے المصطفیٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ آج کے مہنگائی اور غربت و بدحالی کے دور کے میں المصطفیٰ جیسے اداروں کی سماجی خدمات لائق تحسین اور عوام کے لئے حوصلہ افزااور نیک شگون ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئندہ اکتوبر میں بھی ایک بار پھر فری کیمپ لگایاجائے گا۔المصطفیٰ کی جانب سے اعلان کیاگیاکہ دوردرازپسماندہ علاقوں میں جاکربھی فری آئی کیمپ لگائے جائیں گے۔