تعلیمی پیکیج کیخلاف اپوزیشن کی رٹ پٹیشن کا عدالت سے خارج ہونا آزادکشمیر کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کی فتح ہے،مطلوب انقلابی

بدھ 6 اپریل 2016 15:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اپریل۔2016ء) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات اور حکومت آزاکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ تعلیمی پیکیج کے خلاف اپوزیشن کی رٹ پٹیشن کا عدالت العالیہ سے خارج ہونا آزادکشمیر کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کی فتح ہے۔ بدنیتی کی بنیاد پر نوجوانوں کے لئے روزگار کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر ، عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، حکومت آزادکشمیر نے ضرورت کے مطابق تعلیمی پیکیج دیا اور پسماندہ اور محروم علاقوں میں تعلیمی ادارے قائم کر کے ہر شہری کیلئے تعلیم کے یکساں مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی، صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر ہائیر ایجوکیشن نے کہا ہے کہ سازشوں اور نادیدہ ہاتھوں کے ذریعے تعلیمی پیکیج پر عملدرآمد کی راہ میں رکاوٹیں حائل کی گئیں۔

(جاری ہے)

تعلیمی پیکیج پیپلز پارٹی کیلئے نہیں، آزادکشمیر کے عوام کے لئے ہے، البتہ اس پیکیج کا اعزاز پیپلز پارٹی کو حاصل ہوا ہے صرف یہی نہیں ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے تعلیم صحت اور مواصلات کے شعبہ میں میگا پراجیکٹس پر مشتمل پیکیج ز دئیے، حالیہ تعلیمی پیکیج اس لحاظ سے تاریخی اور اہمیت کا حامل ہے کہ اس کے جملہ اخراجات حکومت آزادکشمیر نے اپنے وسائل سے حاصل کئے ہیں ، نئے ٹیکسز لگائے گئے ہیں جن کی آمد ن تعلیم پر خرچ ہو گی۔

نئے سکولوں کے قیام اور کالجز کی اپ گریڈیشن سے خطہ کے ہر کونے میں یکساں تعلیمی مواقع پیدا ہو گئے ہیں ، جبکہ ہزاروں تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ تخلیق شدہ آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ تقرریاں ہو نگی۔ مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے تعلیمی پیکیج کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے کیلئے وزارت امور کشمیر کی اوٹ لیں اور سازشیں کیں وہ بے نقاب ہوئے ہیں عوام ایسے عناصر کا احتساب کرینگے۔

تعلیمی پیکیج کے معاملے پر عدالت العالیہ نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو سرخرو کیا ہے اور اب عام انتخابات میں آزادکشمیر کے عوام پیپلز پارٹی کو سروخرو کرینگے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں علم ہے کہا ابھی کاوٹوں اور سازشوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا تاہم پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی حقوق کی جنگ پر ہرمحاذ پر لڑیگی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گزشتہ پانچ سال کے عرصہ کے دوران تمام تر سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود خطہ کے اندر تعلیم کے شعبہ میں انقلاب برپا کیا ہے۔

یونیورسٹیز اور میڈیکل کالجز کے ساتھ نئے تعلیمی اداروں کا قیام آنے والی نسلوں کے لئے پیپلز پارٹی کا تحفہ ہیں۔ شہید بھٹو اور بے نظیر کا یہی وژن ہے کہ لوگوں کو باشعور بنائیں اور تعلیم کے ذریعہ شعور عام کرنے کی جدوجہد جاری رہیگی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کی مہر ثبت کی ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ بیساکھیوں اور وزارت امور کشمیر کے کندھے پر سوار ہو کر نہیں بلکہ ووٹ کی طاقت کے ذریعہ حکومت بنائیں گے ۔ آنیوالا دور ایک بار پھر ہمارا ہے ، ہمیں عوام اور عوام کو ہم پر مکمل اعتماد ہے۔

متعلقہ عنوان :