کچھ لوگ ہمیں فتح کرنا چاہتے ہیں ، غلامی کا درس دینے والے جان لیں ، فیصلہ عوام ووٹ کی طاقت سے کرینگے ،کسی کی دھونس دھاندلی ،جبر قابل قبول نہیں ،چوہدری عبدالمجید

بدھ 6 اپریل 2016 15:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ہمیں فتح کرنا چاہتے ہیں ہمیں گلگت بلتستان کی طرح ٹریٹ کرنا چاہتے ہیں ہمیں غلامی کا درس دے رہے ہیں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہم ریاست جموں وکشمیر کے رہنے والے ہیں جو شہید وں اور غازیوں کی سرزمین ہے جو لوگ کشمیر کونسل کو ہری سنگھ کہتے تھے جب میں کہتا ہوں تو وہ ساتھ کیوں نہیں دیتے ہم بھی عوام کی عدالت میں جائیں گے آپ بھی عوام کی عدالت میں جائیں فیصلہ عوام ووٹ کی طاقت سے کرینگے کسی کی دھونس دھاندلی اور جبر قابل قبول نہیں ہے بہت بڑی سازشیں کی گئیں ساڑھے چار سال مجھے پانی نہیں پینے دیا گیا میں کوئی وائسرائے نہیں عوام کا خادم ہوں جب تک اللہ چاہے گا رہوں گا جب تک رہوں گا عزت اور غیرت سے رہوں گا ہم نے رواداری کی سیاست کی ہے لیکن چند سیاسی دلال رواداری کی سیاست نہیں کرنے دینا چاہتے جوتیاں اور تیل پالش کرکے حکمرانی کرنیوالے سیاسی دلال ہیں ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو آواز دی ہم نے گلے کٹوائے ملک سے بھاگ کر باہر نہیں گئے ہم نے پاکستان کیلئے جدوجہد کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم سکولز ایلمنٹری و سکینڈری کے زیر اہتمام قومی داخلہ مہم 2016”چلو سکول “ کے افتتاح کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے قبل قومی داخلہ مہم 2016”چلو سکول “ کا آغاز کر دیا گیا بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں بیداری شعور واک کا انعقادکیا گیاواک میں بوائے سکاؤٹس ، گرلز گائیڈ ، اساتذہ ، سول سوسائٹی ، سماجی تنظیموں کی نمائندگان کی بڑی تعداد نے واک میں شرکت کی واک کا آغاز اسمبلی سیکرٹریٹ سے ہوا جو علی اکبر اعوان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی واک اور تقریب کے انعقاد میں غیر سرکاری تنظیموں الف اعلان ، حمزہ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ، پہلا قدم ، ایکٹ انٹرنیشنل ، ہیومن اپیل ، انوائرمینٹل کنزرویشن آرگنائزیشن (ایکو)، بی ای سی ایس (بیکس)نے تعاون کیا ۔

(جاری ہے)

علی اکبر اعوان سکول میں منعقدہ داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے وزیر تعلیم میاں عبدالوحید، سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ عباس و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تعلیمی پیکج کے حوالے سے عدلیہ نے جو فیصلہ دیا اس سے ہمارے موقف کی جیت ہوئی ہے یہ فیصلہ ہماری تعلیم دوستی کے حق میں ہوا آئندہ بجٹ میں تعلیم پر سپیشل فوکس کرینگے تنقید کرنا تو آسان ہے لیکن کیا ہم نے اساتذہ کو وہ سہولیات فراہم کی ہیں جو بہتر تعلیم کیلئے ضروری ہیں داخلہ مہم کے آغاز پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں پر 60سال جھگڑا چلتا رہا ایک یونیورسٹی تھی ہم نے اپنے دور اقتدار میں پانچ یونیورسٹیاں بنائیں میں چاہتا ہوں کہ ہم تعلیم کی بندوق اٹھائیں غریب عوام متوسط طبقے کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر تعلیم میاں وحید نے کہا کہ قومی سطح پر ہم تعلیم کے میدان میں نمبر ایک پر ہیں اگر وسائل کی کمی نہ ہو تو ہم تعلیم کے میدان میں خطہ کو ماڈل سٹیٹ بنا سکتے ہیں بنیادی تعلیم پر ہم جتنی توجہ دینگے اتنی بہتری آئے گی جب تک اساتذہ کو تربیت نہ دی گئی اس وقت تک اہداف کا حصول ناممکن ہے داخلہ مہم کے مقدس مشن اور اہم مقصد کو ہم سب مل کر کامیاب بنائیں گے بچوں کو سکول میں داخل کروانے سے مقاصد کی تکمیل ہو گی عدلیہ کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے عوامی حکومت کا نیک نیتی پر مبنی اقدام پر ہمیں سرخرو کیا آزاد عدلیہ کی علم دوستی پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں عدلیہ کے فیصلے سے علم دوستی کی فتح ہوئی ہے ۔

سیکرٹری تعلیم راجہ عباس نے کہا کہ پرائمری اور سکینڈری تعلیم کا میعار بہتربنانے کی ضرورت ہے سائنس اور میتھ کو کلاس ون سے شروع کر دیاگیا ہے اساتذة کی تربیت یافتہ نہ ہونے سے ہمیں مسائل کا سامنا ہے محکمہ تعلیم کا ڈویلپمنٹ بجٹ صرف چار اعشاریہ چھ فیصد ہونے سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے تعلیمی عمارتوں کی مینٹیننس کیلئے فنڈز دستیاب نہیں ہمیں تعلیم کی بہتری کیلئے بجٹ میں اضافہ کرنا ہو گا سب سے پہلے داخلہ مہم کا وزیراعظم آزادکشمیر کی سربراہی میں آزادکشمیر سے آغاز ہونا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔