رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہراشتیاق احمد کی زیرصدارت سمن آباد ٹاؤن میں انسدادڈینگی بارے اجلاس

بدھ 6 اپریل 2016 14:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہراشتیاق احمد نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کریں،گھروں کے مکین صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور گملوں میں ضرورت سے زیادہ پانی نہ ڈالیں۔انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی بارے ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس اور سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ٹاؤن میونسپل افسر ملک امتیاز اعوان ، ٹاؤن اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ممکنہ بارشوں کے باعث ڈینگی کی افزائش کا خطرہ ہے اس لئے انسداد ڈینگی ٹیمیں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے گھرگھر آگہی مہم کو زیادہ موٴثر طریقے سے چلائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مہر اشتیاق احمد نے انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے منعقدہ واک کی قیادت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ڈینگی کے انسداد کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت شروع دن سے ہی اپنی تمام توانائیاں اور وسائل بروئے کار لا رہی ہے لیکن لوگوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ڈینگی کے انسداد بارے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور انسداد ڈینگی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہاکہ سمن آباد ٹاؤن کے تمام رہائشی اور کمرشل اداروں کے مالکان اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی جگہ پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوراً ٹاؤن کے دفتر میں اطلاع کریں۔رکن قومی اسمبلی نے تمام محکموں کے افسران کو انسداد ڈینگی بارے جاری کردہ ایس او پی پر عمل کرنے اور خاص طورپر محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹاؤن کی حدود میں واقع سرکاری و غیرسرکاری سکولوں کو ڈینگی کے حوالے سے باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔مزید برآں انسداد ڈینگی سیمینار کے دوران ڈینگی کے خاتمہ میں معاون محکموں کے ماہرین نے ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے اور اس خاتمہ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

متعلقہ عنوان :