محکمہ اوقاف ‘رواں برس جہیز فنڈ کیلئے درخواست دینے والے راولپنڈی ڈویژن کے 100 سائلین امداد کے منتظر

بدھ 6 اپریل 2016 14:25

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے رواں برس جہیز فنڈ کیلئے درخواست دینے والے راولپنڈی ڈویڑن کے 100 سائلین میں سے کسی ایک کی بھی مدد نہیں کی گئی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مطابق محکمہ اوقاف کو صرف راولپنڈی ڈویژن کے 4 اضلاع سے 100 درخواستیں موصول ہوئیں تاہم فنڈز جاری ہونے کے باوجود مالی 16-2015 میں مقرر کی گئی جہیز فنڈ کی رقم استعمال میں نہیں لائی جاسکے گی۔

محکمہ اوقاف کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ حکومت غریب والدین کی بیٹیوں کی شادی میں مدد کیلئے ہر سال 18 لاکھ روپے جاری کرتی ہے تاہم رواں برس اس رقم سے ایک روپیہ بھی کسی کو جاری نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سے ضرورت مند افراد کی جانب سے موصول ہونے والی یہ درخواستیں حکام کی توجہ حاصل نہیں کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال بھی کچھ ہی افراد حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکے تھے۔

مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی عفت لیاقت کی سربراہی میں ایک سلیکشن کمیٹی تشکیل دی تھی تاہم کمیٹی کا پورے سال میں ایک بھی اجلاس نہیں ہوا۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف بھی فنڈ جاری کرنے والی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔جب محکمہ اوقاف کے ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی تصدیق کی کئی سال سے مختص فنڈز استعمال نہیں ہوئے ‘ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے کمیٹی کے اجلاس سے اس کی منظوری ضروری ہے۔