کے فور منصوبے کی فوری تکمیل کے لیے اقدامات کیے جائیں ‘زاہد سعید

بدھ 6 اپریل 2016 14:03

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کی تکمیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائے، پانی قلت کی وجہ سے صنعتیں براہ راست اور برآمدات بالواسطہ طور پر متاثر ہورہی ہیں۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں چمڑے، گارمنٹس ، تعمیرات سمیت دیگر صنعتوں کو پانی کی قلت کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعت کار مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے پیداواری لاگت میں بھی کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ کی صوبائی حکومت کو کراچی کے لیے فراہمی آب کے منصوبے کے فور کی جلد از جلد تکمیل کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے مجوزہ منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر سے معاشی مسائل کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل بھی جنم لیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت کراچی کی صنعتوں کو جہاں دیگر مسائل کا سامنا ہے وہیں پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی میں پیدا ہونے والے مسائل نے صنعتوں کے لیے مزید مشکلات کھڑی کردی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کو ایک جامع اور موٴثر واٹر پالیسی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے جس طرح توانائی کا بحران ختم کرنے کے لیے ہمہ جہت کوششوں کا آغاز کیا ہے اسی طرح پانی کا بحران سنگین ہونے سے پیش تر اس مسئلے پر توجہ دی جائے اور قومی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے حل کے لیے ایک جامع اور ہمہ گیر لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :